
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے دو باصلاحیت اداکار ماہرہ خان اور وہاج علی پہلی بار ایک ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں۔ ان دونوں اداکاروں نے ماضی میں اپنے منفرد اندازِ اداکاری اور سپر ہٹ ڈراموں کے ذریعے مداحوں کے دل جیتے ہیں۔
ماہرہ خان جیسے مشہور ڈراموں “ہم سفر”، “بن روئے”، “نیت”، “ہم کہاں کے سچے تھے” اور “شہر ذات” کے ذریعے شہرت حاصل کر چکی ہیں، جبکہ وہاج علی کو “عشق جلیبی”، “غصی پٹی محبت”، “فتور”، “تیرے بن” اور “سن میرے دل” جیسے مقبول ترین ڈراموں سے خاصی پذیرائی ملی۔
چند ماہ قبل سوشل میڈیا پر یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی کہ ماہرہ خان اور وہاج علی ایک ساتھ نئے ڈرامہ سیریل “مٹی دے باوے” میں کام کر رہے ہیں۔ اس خبر نے دونوں فنکاروں کے پرستاروں میں بے حد جوش و خروش پیدا کیا۔
ڈرامہ سیریل “مٹی دے باوے” کو معروف مصنفہ فائزہ افتخار نے تحریر کیا ہے، جن کے قلم سے نکلنے والے کئی ڈرامے ماضی میں بھی ناظرین کو بے حد پسند آئے ہیں۔ اس ڈرامے کی ہدایت کاری کا فریضہ حیثم حسین انجام دے رہے ہیں، جنہیں پاکستان کے بہترین ڈائریکٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ ڈرامے کو نینا کاشف پروڈیوس کر رہی ہیں، جو اس سے قبل بھی کئی معیاری پراجیکٹس کی سرپرستی کر چکی ہیں۔
“مٹی دے باوے” کا پریمیئر 2026 میں گرین ٹی وی پر متوقع ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ڈرامہ ایک جذباتی، تہذیبی اور روایتی کہانی پر مبنی ہوگا جس میں محبت، قربانی اور خاندانی اقدار جیسے موضوعات کو اجاگر کیا جائے گا۔
ڈرامہ انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق ماہرہ خان اور وہاج علی کی جوڑی اسکرین پر ایک نئی توانائی لے کر آئے گی، اور اس ڈرامے کی کامیابی کے امکانات خاصے روشن ہیں۔ ناظرین پہلے ہی اس منفرد جوڑی کو ایک ساتھ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
گرین ٹی وی کی انتظامیہ کی جانب سے جلد ہی ڈرامے کی ریلیز سے متعلق مزید تفصیلات، پوسٹرز اور ٹیزر جاری کیے جائیں گے، جس کے بعد اس کا باقاعدہ پروموشنل مرحلہ شروع ہوگا۔
ڈرامہ سیریل “مٹی دے باوے” نہ صرف اداکاروں کے مداحوں بلکہ معیاری مواد کے خواہشمند ناظرین کے لیے بھی ایک دلچسپ اور پراثر تخلیق ثابت ہو سکتی ہے۔