بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کی اننگز کا آغاز تباہ کن رہا، ابتدائی اوورز میں دو اہم کھلاڑی پویلین لوٹ گئے

ایشیا کپ 2025 کے سب سے بڑے مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ تو کیا، لیکن شروعات انتہائی مایوس کن ثابت ہوئیں۔ بھارت کے تیز گیند بازوں نے ابتدائی اوورز میں ہی پاکستان کے دو اہم بلے بازوں کو صرف چھ رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔
اوپنر صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان بڑی امیدوں کے ساتھ میدان میں اترے تھے، لیکن بھارتی بولنگ اٹیک نے انہیں سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بومرہ نے صائم ایوب کو صفر پر چلتا کیا، جب کہ اگلے ہی اوور میں محمد سراج نے صاحبزادہ فرحان کو بھی صرف 4 رنز پر آؤٹ کر کے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔
اس وقت پاکستان کا اسکور 2.3 اوورز میں 6 رنز پر 2 وکٹیں ہے، اور کریز پر کپتان سلمان علی آغا اور فخر زمان موجود ہیں۔ دونوں بیٹسمینوں پر اب دباؤ بڑھ چکا ہے، اور ٹیم کو ابتدائی نقصان سے نکالنے کے لیے سنبھلی ہوئی اننگز کھیلنا ہوگی۔

دبئی میں جاری ایشیا کپ کے اہم ترین مقابلے میں پاکستان نے بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فتح کے لیے جارحانہ حکمت عملی اپنائی ہے۔
ایشیا کپ 2025 کے چھٹے اور سب سے زیادہ متوقع ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس ہائی وولٹیج مقابلے میں دونوں ٹیموں نے اپنے ابتدائی میچز میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس وقت گروپ اسٹیج میں 2،2 پوائنٹس کے ساتھ برابری پر ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج بھی اپنے “وننگ کمبینیشن” کے ساتھ میدان میں اترا ہے، اور ٹیم کا ہدف ہے کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رنز اسکور بورڈ پر سجائے جائیں تاکہ بھارت پر دباؤ بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ہم نے گزشتہ میچز میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور بھارت کے خلاف میچ کے لیے پوری ٹیم پُرجوش ہے۔”
بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو وہ بھی پہلے بولنگ ہی کرتے، تاکہ ہدف کا تعاقب کر سکیں۔ انہوں نے بھی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا اعلان کیا اور اعتماد کا اظہار کیا کہ بھارت اس میچ میں عمدہ کارکردگی دکھائے گا۔
پاکستان نے اپنے گزشتہ میچ میں عمان کو 93 رنز سے شکست دی تھی، جب کہ بھارت نے متحدہ عرب امارات کو با آسانی 9 وکٹوں سے ہرایا تھا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے اس میچ کو نہ صرف ایک گروپ پوائنٹس کے لیے بلکہ اعصابی برتری کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان کی فائنل الیون میں شامل کھلاڑیوں کے نام:
- کپتان: سلمان علی آغا
- صائم ایوب
- صاحب زادہ فرحان
- فخر زمان
- محمد حارث (وکٹ کیپر)
- حسن نواز
- محمد نواز
- فہیم اشرف
- شاہین شاہ آفریدی
- صفیان مقیم
- ابرار احمد
دونوں ٹیمیں مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتری ہیں اور دبئی کا کرکٹ اسٹیڈیم شائقین سے کچھا کچھ بھرا ہوا ہے۔ دنیا بھر میں شائقینِ کرکٹ کی نظریں اس میچ پر مرکوز ہیں، جو ہمیشہ کی طرح جوش، جذبے اور سنسنی سے بھرپور ہے۔
#AsiaCup2025 #PAKvIND #Cricket #CricketPakistan #CricketIndia #Sports #T20Cricket