google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پیپلز پارٹی کا آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا حصہ نہ بننے کا اعلان - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

پیپلز پارٹی کا آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا حصہ نہ بننے کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات کا حصہ نہ بننے کا اعلان کردیا۔

پروگرام ’دوسرا رخ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اور سیکریٹری خزانہ پیپلزپارٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ’ہم آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گے، ہم اگر کابینہ میں شامل نہیں تو کس حیثیت میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کریں۔‘

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ماضی میں آئی ایم ایف نے دیگر جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی کہ وہ جماعتیں حکومت کو سپورٹ کر رہی ہیں یا نہیں، ہم حکومت کو سپورٹ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خرچے زیادہ آمدنی کم ہے، آئی ایم ایف یہی کہتا ہے کہ آپ کے خرچے بہت ہیں آمدن نہیں، آئی ایم ایف کہتا ہے آپ آمدنی بڑھائیں، آئی ایم ایف کہتا ہے آپ ٹیکس پیئرز بڑھائیں اور ریونیو کلیکشن ٹھیک کریں۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطالبات غلط نہیں ہوتے، پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کے ایشوز کو حل کرنا ہوگا تاکہ آئی ایم ایف سے اچھا پیکج لے سکیں۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں نئی اتحادی حکومت کو مختلف معاملات میں سپورٹ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم وفاقی کابینہ کا عملی طور پر حصہ بننے سے انکار کردیا تھا۔

8 فروری کے عام انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کو حکومت سازی میں معاونت فراہم کی تھی اور وزیر اعظم کے لیے شہباز شریف کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …