
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹرز کی تازہ رینکنگ جاری کردی جس میں بھارت کے بیٹر شبمن گل اور ابھیشک شرما نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ زمبابوے کے سکندر رضا ون ڈے آل راؤنڈرز کی فہرست میں نمبر ون بن گئے۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شرما بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ افغانستان کے ابراہیم زدران نے شاندار کارکردگی کے بعد 12 درجے ترقی کی اور 20 ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ پاکستان کے بابر اعظم تین درجے تنزلی کے بعد 21 ویں اور محمد رضوان دو درجے تنزلی کے بعد 22 ویں نمبر پر آگئے۔ یو اے ای کے کپتان محمد وسیم پانچ درجے ترقی کے بعد 26 ویں اور پاکستان کے حسن نواز دو درجے بہتری کے ساتھ 32 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ پاکستان کے صائم ایوب دو درجے گر کر 40 ویں اور کپتان آغا سلمان 18 درجے بہتری کے بعد 59 ویں نمبر پر آگئے۔
بولرز کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ پاکستان کے صفیان مقیم نے 11 درجے ترقی کے ساتھ 22 ویں نمبر پر جگہ بنالی۔ شاہین شاہ آفریدی آٹھ درجے بہتری کے بعد 26 ویں پوزیشن پر آگئے، تاہم حارث رؤف چار درجے تنزلی کے بعد 28 ویں نمبر پر چلے گئے۔ محمد نواز نے 15 درجے ترقی کے ساتھ 43 ویں، افغانستان کے محمد نبی نے 26 درجے چھلانگ کے بعد 54 ویں اور نور احمد نے 49 درجے لمبی چھلانگ کے ساتھ 73 ویں نمبر پر جگہ بنائی۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا کی پہلی پوزیشن برقرار رہی۔ افغانستان کے محمد نبی ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے۔ پاکستان کے صائم ایوب 9 درجے ترقی کے ساتھ 14 ویں اور افغانستان کے راشد خان تین درجے بہتری کے بعد 16 ویں نمبر پر پہنچے۔ پاکستان کے محمد نواز بھی 14 درجے ترقی کے ساتھ 21 ویں پوزیشن پر آگئے۔
ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ سری لنکا کے پاتھم نشانکا سات درجے ترقی کے بعد 13 ویں پوزیشن پر آگئے جبکہ جنوبی افریقہ کے رسی ون ڈر ڈوسن تین درجے تنزلی کے ساتھ 18 ویں نمبر پر پہنچے۔ ان کے ہم وطن ایڈن مارکرم تین درجے ترقی کے ساتھ 20 ویں نمبر پر آگئے۔ انگلینڈ کے بین ڈکٹ پانچ درجے تنزلی کے بعد 21 ویں اور زمبابوے کے سکندر رضا نو درجے ترقی کے ساتھ 22 ویں پوزیشن پر آگئے۔ زمبابوے کے بین کرن نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 71 درجے بہتری کے بعد 90 ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ انگلینڈ کے جوفرا آرچر چھ درجے ترقی کے ساتھ 19 ویں نمبر پر آگئے جبکہ جنوبی افریقہ کے لونگی نگیدی پانچ درجے بہتری کے ساتھ 24 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں سب سے بڑی خبر زمبابوے کے سکندر رضا کی پہلی پوزیشن ہے۔ وہ دو درجے ترقی کے بعد دنیا کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔ افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے اور محمد نبی تیسرے نمبر پر آگئے۔ نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے اور افغانستان کے راشد خان ایک درجہ بہتری کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے، جبکہ زمبابوے کے شین ولیمز سات درجے ترقی کے ساتھ 16 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
تازہ رینکنگ نے واضح کیا ہے کہ جنوبی ایشیائی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ زمبابوے اور افغانستان کے کرکٹرز بھی عالمی سطح پر نمایاں پوزیشنز حاصل کررہے ہیں، جس سے ان ٹیموں کی کارکردگی میں تسلسل اور عالمی کرکٹ میں بڑھتی ہوئی اہمیت کا اظہار ہوتا ہے۔