بدھ , اکتوبر 15 2025

30 کروڑ ڈالر لاگت کے پائپ لائن منصوبے کی منظوری

وزارتِ خزانہ اور توانائی کے شدید تحفظات کے باوجود حکومت نے 30 کروڑ ڈالر لاگت کے پائپ لائن منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جسے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اسٹریٹجک سرمایہ کاری قرار دیا جا رہا ہے۔

477 کلومیٹر طویل ماچھیکے۔ٹھلیاں۔تاروجبہ وائٹ آئل پائپ لائن کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کی جائے گی۔ اس منصوبے کو آذربائیجان کی سرکاری آئل کمپنی (سوکار)، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) مشترکہ طور پر مکمل کریں گے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے حالیہ اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی تجویز کردہ شرائط کی منظوری دی اور مؤقف اختیار کیا کہ یہ منصوبہ آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے اور مستقبل میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا۔

تاہم وزیرِ توانائی سردار اویس لغاری نے ڈالر میں منافع دینے کے خلاف خبردار کیا اور کہا کہ آزاد بجلی گھروں (آئی پی پیز) کے تجربے سے سبق سیکھنا چاہیے۔ وزارتِ خزانہ نے بھی اعتراضات اٹھائے اور واضح کیا کہ ڈالر پر مبنی منافع صرف غیر ملکی سرمایہ کاری کی صورت میں ہونا چاہیے، جبکہ ادائیگی کی مدت سات سال تک بڑھانے کی سفارش کی۔

اس کے برعکس پیٹرولیم ڈویژن نے مؤقف اپنایا کہ اگر یہ شرائط شامل کی گئیں تو منصوبہ سرمایہ کاروں کے لیے غیر پرکشش ہو جائے گا۔ بالآخر ای سی سی نے دونوں وزارتوں کے خدشات مسترد کرتے ہوئے پائپ لائن کو غیر ملکی سرمایہ کاری کھولنے کا اسٹریٹجک موقع قرار دیا۔

فی الحال ملک میں تقریباً 70 فیصد پٹرولیم مصنوعات سڑک کے ذریعے منتقل کی جاتی ہیں۔ نئی پائپ لائن کے ذریعے ترسیل کا بڑا حصہ منتقل کرنے سے لاگت اور غیر مؤثریت میں کمی آئے گی۔ منظور شدہ فریم ورک کے تحت اوگرا ترسیلی ٹیرف امریکی ڈالر میں مقرر کرے گا اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو کم از کم سالانہ حجم کی یقین دہانی لازمی ہوگی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سمندری کیبل کی مرمت سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان

پی ٹی سی ایل کے مطابق بین الاقوامی کیبل کی مرمت کا کام آج صبح …