پیر , اکتوبر 13 2025

کراچی کی سڑکوں سے پانی کی نکاسی تاحال نہیں ہوسکی

کراچی کی سڑکوں سےگزشتہ روز ہونے والی بارش کے پانی کی نکاسی تاحال نہیں ہوسکی، جس سے شہریوں کے روز مرہ کے امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

کراچی میں بارش تھمے کئی گھنٹے بیت گئے لیکن بیشتر سڑکوں سے اب تک پانی نہیں نکالا جاسکا۔

ایوان صدر روڈ، ضیاالدین احمد روڈ سمیت ریڈ زون میں گرومندر، نمائش، ایم اے جناح روڈ، سندھ اسمبلی، ڈرگ روڈ انڈر پاس، ملیر ہالٹ سے ماڈل کالونی جانے والی جناح ایونیو اور اردو بازار سمیت کئی مقامات پر اب بھی برسات کا پانی جمع ہے۔

ضیاالدین احمد روڈ، ایوان صدر روڈ، ایم آرکیانی روڈ سمیت ریڈزون میں کئی مقامات پر فٹ پاتھ کے برابر پانی تاحال موجود ہے، کورنگی کے ویٹا چورنگی پر جمع پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، رات سے پھنسے ٹریلرز کو گزرنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔

کورنگی مل ایریا، شاہراہ فیصل اور دیگر شاہراہوں پر شہری اپنی گاڑیاں چھوڑ کر چلے گئے تاہم شاہراہ فیصل اور لیاقت آباد سمیت متعدد سڑکوں سے پانی نکال دیا گیا۔

گزشتہ روز مرکزی شاہراہوں پر موجود پانی کی وجہ سے شدید ٹریفک جام بھی ہوا، جس کے باعث دفاتر اور کاموں پر جانے والے شہری رل کر رہ گئے۔

بارش کے بعد شہر کی خستہ حال سڑکیں بھی تباہ ہوگئیں، نیو ٹاؤن میں سڑکوں پر گڑھے پڑنے سے گاڑیاں دھنس گئیں، شہر کی بیشتر شاہراہوں پر گزشتہ روز بارش کے باعث بند ہونے والی گاڑی اور موٹرسائیکلیں تاحال موجود ہیں۔

دوسری جانب شہر کے کئی علاقوں میں شہری تاحال بجلی سے محروم ہیں، گلستان جوہر بلاک 7، 18،13،8، گلشن اقبال کے متعدد بلاکس، کورنگی، محمودآباد، اخترکالونی، منظورکالونی، ڈیفنس ویو، ملیر عالمگیر سوسائٹی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے ہی بجلی معطل ہے۔

دریں اثنا، گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں پاک فوج اور سندھ رینجرز کے اہلکار شہریوں کی مدد کے لیے اہم شاہراہوں پر موجود رہے۔

پاک فوج اور سندھ رینجرز کے اہلکار رات گئے ٹریفک بحال کرنے میں مصروف رہے، اہلکاروں کی جانب سے خراب گاڑیوں کو کنارے پر کردیا گیا، مکینیکل ٹیم کے ساتھ خراب گاڑیوں کو ٹھیک کیا گیا۔

بارش کے اعداد و شمار جاری

محکمۂ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

کراچی کے علاقے گلشن حدید میں پچھلے 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر 145 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شارع فیصل پر 133، گلشن معمار میں 102، ناظم آباد میں 149 اور پرانا ایئرپورٹ پر 163 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 

اسی طرح نارتھ کراچی میں 148 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کورنگی میں 138 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 

محکمۂ موسمیات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں 81، سعدی ٹاؤن میں 146، ڈی ایچ اے فیز 7 میں 138 اور کیماڑی میں 173 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

جناح ٹرمینل پر 156، سرجانی ٹاؤن میں 151، پی اے ایف بیس مسرور کراچی غربی میں 101  اور بحریہ ٹاؤن میں 4.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 

About Aftab Ahmed

Check Also

لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کے 5 وکٹوں پر 313 رنز

شان مسعود، امام الحق کی نصف سنچریاں، رضوان اور سلمان علی آغا کی شراکت نے …