
سابق پاکستانی کرکٹ کپتان وسیم اکرم ایک نئی مشکل میں پھنس گئے ہیں، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے آن لائن جوئے کے پلیٹ فارم کی تشہیر کی، جس پر ایک شہری نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے درخواست دائر کر دی۔
نجی ویب سائٹ کے مطابق لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں دائر کی گئی ایک درخواست میں سابق کرکٹ کپتان اور مایہ ناز بولر وسیم اکرم کے خلاف اسپورٹس بیٹنگ اور جوا کھیلنے والے پلیٹ فارم کی تشہیر پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
محمد فیاض نامی شہری کی جانب سے دی گئی درخواست میں کہا گیا کہ سابق انٹرنیشنل کرکٹر نے ’باجی‘ نامی ایک بھارتی بیٹنگ کمپنی، جو اس پلیٹ فارم سے منسلک ہے، اس کے ساتھ برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر معاہدہ کیا۔
شکایت کنندہ کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرتے ایک پوسٹر اور ویڈیو کلپ میں وسیم اکرم کو اس پلیٹ فارم کی تشہیر کرتے اور لوگوں کو دلچسپ تجربے کے لیے شامل ہونے کی تاکید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے چند دن قبل این سی سی آئی اے نے ایک مشہور ٹک ٹاکر “ڈکی بھائی” کو بھی لاہور کے ہوائی اڈے سے اس وقت گرفتار کیا جب وہ ایک بین الاقوامی پرواز پر روانہ ہونے والا تھا۔ اس پر بھی وہی الزامات تھے جو سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم پر مبینہ طور پر لگائے گئے ہیں۔