
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 26-2025 کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کرتے ہوئے 30 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دے دیے، اے کیٹیگری ختم کردی گئی ہے جبکہ پرفارمنس کی بنیاد پر کیٹیگری بی، سی اور ڈی میں 10،10 کھلاڑی رکھے گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کنٹریکٹس یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک لاگو ہوں گے، گزشتہ سال 27 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیے گئے تھے، اس سال 12 نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے تعداد بڑھ کر 30 ہو گئی۔
سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے نئے کھلاڑیوں میں احمد دانیال، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
9 کھلاڑی اپنی سابقہ کیٹیگری برقرار رکھنے میں کامیاب رہے جبکہ 8 کھلاڑی کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

بی کیٹیگری میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، شاداب خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
سی کیٹیگری میں عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، سعود شکیل، فہیم اشرف، ساجد خان، محمد نواز، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز اور نعمان علی کو جگہ دی گئی ہے۔
ڈی کیٹیگری میں شان مسعود، حسین طلعت، محمد عباس، محمد وسیم جونیئر، محمد عباس آفریدی، خوشدل شاہ، احمد دانیال، سلمان مرزا، خرم شہزاد اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق حسن نواز، محمد حارث اور سفیان مقیم جیسے تازہ ٹیلنٹ کی شمولیت نوجوانوں کو فروغ دینے کا مضبوط اشارہ ہے۔
پی سی بی کے مطابق ابرار احمد، حارث رؤف، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاداب خان کو کارکردگی کی بنیاد پر کیٹیگری بی میں ترقی دی گئی ہے جبکہ کارکردگی میں تسلسل اور مستقل شراکت کے باعث 9 کھلاڑی اپنی کیٹیگری مستحکم رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک اور ایمرجنگ پلیئرز کی شمولیت ٹیم سازی کے حوالے سے پی سی بی کے مستقبل بین طرزِ عمل کو اجاگر کرتی ہے۔