اتوار , اکتوبر 12 2025

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے 340 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی صورتحال سے 48 گھنٹے میں ہونے والی اموات کی تعداد 340 تک جاپہنچی ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہفتے کو بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، خصوصاً شدید متاثرہ بونیر سے مزید ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اس تعداد میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والی ہلاکتیں شامل نہیں ہیں، جہاں سیلاب نے کم از کم 21 جانیں لے لی ہیں اور بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

خیبر پختونخوا میں بھیانک مناظر دیکھنے کو ملے، جب جمعہ کے روز مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں نے صرف ایک دن میں 200 سے زائد زندگیاں نگل لیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے 5 عملے کے ارکان بھی شامل ہیں، جو مہمند میں امدادی کارروائیوں کے دوران حادثے کا شکار ہوئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ صوبے بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 307 ہوگئی ہے، بونیر میں 184، شانگلہ میں 36، مانسہرہ میں 23، سوات میں 22، باجوڑ میں 21 ، بٹ گرام میں 15 اور دیر میں 5 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 327 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں 17 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 74 گھر وں کو نقصان پہنچا، جس میں 63 گھروں کو جزوی نقصان ہوا جب کہ 11 گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

سیلاب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک مجموعی طور پر 184 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات سوات، بونیر ، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹ گرام کے اضلاع میں پیش آئے، تیز بارشوں اور فلش فلڈ كے باعث سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع بونیر ، باجوڑ اور بٹ گرام ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر بارشوں اور فلش فلڈ كے باعث متاثرہ اضلاع كے لیے امدادی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر تمام متعلقہ اداروں كو امدادی سرگرمیاں تیز كرنے كی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امدادی ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ آپس میں مكمل رابطے میں ہیں، اور صورت حال كی نگرانی كی جا رہی ہے، پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی سے موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا تھا۔پی ڈی ایم اے نے تما م متعلقہ اداروں کو سیاحتی مقامات پر بند شاہراوں اور رابطہ سٹرکوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

تمام سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ، موسمی صورتحال سے آگائی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم نے بتایا کہ اب تک 185 لاشیں نکالی جاچکی ہیں، 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ چغرزئی کے علاقے میں 30 افراد لاپتا ہوئے ہیں، حتمی اعداد و شمار آج جاری کر دیے جائیں گے۔

پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

خیبرپختونخوا کے بونیر، سوات اور باجوڑ اضلاع میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کا فلڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز میں راشن اور دیگر سامان متاثرین کو فراہم کیا جارہا ہے۔

سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے مزید دستے بھی ریلیف آپریشن میں حصہ لینے کے لیے روانہ کیے جاچکے ہیں، تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے اورمحفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کے 5 وکٹوں پر 313 رنز

شان مسعود، امام الحق کی نصف سنچریاں، رضوان اور سلمان علی آغا کی شراکت نے …