پیر , اکتوبر 13 2025

اسلام آباد -راولپنڈی میں موسلادھار بارش

اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، سیدپور کے مقام پر 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس کے بعد ندی نالوں میں طغیانی ہے۔

پشاور، شمالی وزیرستان، صوابی اور مردان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی ہے جبکہ گجرات، شکر گڑھ میں بھی بادل برسے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب،خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

آج بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش یا بونداباندی ہوسکتی ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ موسمیات نے رین الرٹ جاری کر دیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بارش کا سلسلہ رات 12 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا، جو ڈیڑھ گھنٹے میں شدت اختیار کر گیا۔

شب 2 بجے تک سیدپور کے مقام پر 86 ملی میٹر، شمس آباد میں 77، نیو کٹاریاں میں 73 اور ایچ-8/2 کے مقام پر 49 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پیرودھائی میں 47، بوکڑا 27، گولڑہ 26، جبکہ کچہری چکلالہ میں 25 ملی میٹر بارش ہوئی۔ گوالمنڈی میں 39 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

شدید موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی اور دیگر برساتی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ نالہ لئی کے نیو کٹاریاں پل پر پانی کی سطح 10 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 6 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔

شہر کے متعدد نشیبی علاقے مکمل طور پر زیرِ آب آ گئے ہیں۔ جاوید کالونی، ندیم کالونی، ڈھوک الہی بخش سمیت دیگر علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے، جبکہ گلیوں اور محلوں میں 3 فٹ تک پانی جمع ہو گیا ہے۔ شہری رات کے وقت گھروں میں پانی داخل ہونے پر نیند سے جاگ اٹھے۔

ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ واسا کی ٹیمیں انڈر پاسز سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔ مساجد سے شہریوں کو الرٹ رہنے کے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی دیکھی …