پیر , اکتوبر 13 2025

شوگر ملز مافیا کے خلاف ایکشن ۔۔۔۔سٹاک کی سخت نگرانی کا فیصلہ

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے آج پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (PSMA) اور چاروں صوبوں کے اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شوگر سپلائی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں اس بات کا مشاہدہ کیا گیا کہ کئی شوگر ملز طے شدہ معاہدے کے تحت چینی کی فراہمی اور اسٹاک کے اجرا پر عمل نہیں کر رہیں۔ متعدد یقین دہانیوں کے باوجود چینی کی بروقت ترسیل اور دستیابی میں رکاوٹیں برقرار ہیں۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ اب حکومت تمام شوگر ملز کے اسٹاکس کی کڑی نگرانی کرے گی۔ اس مقصد کے لیے ہر شوگر مل پر سرکاری افسران تعینات کیے جائیں گے تاکہ چینی کے اسٹاک کی صورتحال کو مانیٹر کیا جا سکے اور چینی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں PSMA کے چیئرمین نے بھی شوگر مل مالکان کو درپیش مسائل اور خدشات کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ اس سلسلے میں شکایتی کمیٹی کے قیام کی ہدایت جاری کی گئی، جب کہ واٹس ایپ گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا تاکہ روزانہ کی بنیاد پر حکومت اور شوگر انڈسٹری کے درمیان مؤثر رابطہ قائم رہے۔

“حکومت چینی کی قیمتوں میں استحکام اور وافر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ معاہدوں کی خلاف ورزی یا لاپروائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہم صنعت کے ساتھ مل کر جائز مسائل کو بھی حل کریں گے۔”— رانا تنویر حسین

وزارت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چینی کے اسٹاکس کی شفاف مانیٹرنگ، قیمتوں کے استحکام، اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے صارفین اور پیدا کنندگان، دونوں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی دیکھی …