منگل , اکتوبر 14 2025

ناکارہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس کے ملبے کی کامیاب فروخت

وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں پرانے اور ناکارہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس کے ملبے کی کامیاب فروخت مکمل کر لی گئی ہے۔ یہ اقدام نہ صرف ایک اہم اصلاحاتی پیش رفت ہے بلکہ قومی وسائل کی بچت اور بجلی صارفین کے لیے ریلیف کی سمت بھی ایک اہم قدم ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مجموعی طور پر 61 عدد یونٹس کے ملبے کی فروخت کی ریزرو پرائس اسٹیٹ بینک کے ماہرین کی معاونت سے 45.817 ارب روپے مقرر کی گئی تھی، جس کے مقابلے میں ان یونٹس کا ملبہ 46.73 ارب روپے میں کامیاب فروخت ہوا۔

پہلے مرحلے میں 31 یونٹس کے ملبے کی ریزرو پرائس 7.593 ارب روپے تھی جبکہ 8.475 ارب روپے میں ان کو فروخت کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں فروخت شدہ ملبے کیلئے کامیاب بولی دہندگان سے معاہدات بھی ہو چکے ہیں۔

دوسرے مرحلے میں 30 عدد سرکاری پاور پلانٹس کی ریزرو پرائس 38.224 ارب روپے مقرر کی گئی، جس کے مقابلے میں 38.255 ارب روپے میں فروختگی ممکن ہوئی۔ اس مرحلے کے بھی تمام معاہدات مکمل ہو چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق دوسرے مرحلے میں شامل پاور پلانٹس میں جامشورو بلاک I و II، گدو II، سکھر، کوئٹہ، مظفرگڑھ بلاک I و II اور فیصل آباد شامل ہیں۔ ان یونٹس کے مستقل ملازمین کو مختلف بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں تعینات کر کے ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

یہ ملبہ طویل عرصے سے قومی خزانے پر بوجھ تھا اور ہر سال اس پر اربوں روپے کے اخراجات ہو رہے تھے۔ اس کامیاب فروخت سے نہ صرف ان اخراجات کا خاتمہ ہوا ہے بلکہ بجلی کے صارفین کو بھی براہ راست فائدہ پہنچ رہا ہے کیونکہ ان تمام سرکاری پلانٹس کے کیپیسٹی چارجز صارفین کے بلوں میں شامل تھے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سمندری کیبل کی مرمت سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان

پی ٹی سی ایل کے مطابق بین الاقوامی کیبل کی مرمت کا کام آج صبح …