نگران حکومت کے جانے کے بعد پہلے ہی ہفتے مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.11 فیصد کا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 32.39 فیصد ہوگئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں 14 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، پیاز کی قیمت 60 روپے 28 پیسے اضافے سے 238 روپے 30 پیسے فی کلو ہوگئی جبکہ ایک ہفتے میں آلو 13 روپے 36 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔
اسی طرح کیلے 10 روپے 22 پیسے فی درجن، انڈے 6 روپے 71 پیسے فی درجن، بیف 11 روپے 76 پیسے فی کلو جبکہ مٹن 8 روپے 83 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 14 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، برائلر مرغی 31 روپے 3 پیسے فی کلو جبکہ چائے کا 190 گرام پیکٹ 7 روپے 13 پیسے سستا ہوا۔
اسی طرح لہسن 2 روپے 33 پیسے فی کلو، ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ 2 روپے 49 پیسے سستا ہوا جبکہ دال چنا، باسمتی چاول، آٹا اور چینی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔
حالیہ ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔