منگل , اکتوبر 14 2025

درآمدی چینی پر ٹیکس چھوٹ کیلئے آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے کہا ہے کہ ملک میں چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں ،حکومت کوچینی کا کاروبار نہیں کرنا چاہیے، سیکریٹری خزانہ نے بتایا کہ چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کے معاملے پر آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین سید نوید قمر نے سوال کیا کہ حکومت چینی کی درآمد کے معاملے پر کیا کر رہی ہے ؟ حکومت کو چینی کی درآمد اور برآمد کے کاروبار سے باہر نکل جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں، حکومت کو چینی کی قیمت مقرر نہیں کرنی چاہیے، حکومت کو صرف چینی کی قیمت کی فکر کیوں ہے ؟

چیئرمین ایف بی آر نے کمیٹی کو بتایا کہ وفاقی کابینہ نے چینی کی درآمد کا فیصلہ بھجوایا ہے ، کابینہ کے فیصلے کے مطابق چینی کی درآمد پر ٹیکسز ختم کرنے کا نوٹیفکیشن کیا گیا ہے۔

رکن کمیٹی جاوید حنیف نے سوال کیا کہ چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ پر آئی ایم ایف کا موقف ہے، بجٹ میں ایک ایک چیز پر ٹیکس کی منظوری آئی ایم ایف سے لی گئی، ہمیں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف ٹیکس چھوٹ کے خلاف ہے۔

سیکریٹری خزانہ نے جواب دیا کہ چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کے معاملے پر آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے، نوید قمر نے کہا کہ یقینا آئی ایم ایف تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگانے کا کہے گا، سیکریٹری خزانہ نے جواب دیا کہ نہیں آئی ایم ایف تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگانے کا نہیں کہے گا۔

اجلاس میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کارپوریٹ سوشل رسپانسیبلٹی بل کی مخالفت کردی، چیئرمین ایس ای سی پی نے کہا کہاس قانون کے ذریعے کمپنیوں کے اخراجات میں اضافہ ہوگا پوری دنیا میں کارپوریٹ سوشل رسپانسیبلٹی کا لازمی قانون نہیں ہے، صرف بھارت میں اس قانون کو لازمی قرار دیا گیا ہے، اس قانون سے کمپنیوں پر بوجھ بڑھے گا۔

نوید قمر نے کہا کہ کمپنیوں کو سوشل ورک کے کسی قانون کے دائرہ کار میں لایا جائے، نفیسہ شاہ نے سوال کیا کہ کمپنیوں کی لاگت بڑھنے کی فکر آپ کو کیوں ہے ؟ کئی کمپنیاں سماجی ورک پر ڈیڑھ فیصد تک خرچ کر رہی ہیں۔

کمیٹی نے ایس ای سی پی کو ایک ماہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کی سفارش کر دی۔ کمیٹی نے پارلیمانی بجٹ آفس بل 2025 پر ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی، ڈاکٹر نفیسہ شاہ ذیلی کمیٹی کی کنوینئر ہوں گی، ارشد وہرہ، علی زاہد اور مبین عارف کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سمندری کیبل کی مرمت سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان

پی ٹی سی ایل کے مطابق بین الاقوامی کیبل کی مرمت کا کام آج صبح …