
وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن میں ڈی جیز، ایڈوائزر اور ای ڈی سمیت تمام بھرتیاں روک دی گئی ہیں، ہائر ایجوکیشن کا نیا چیئرمین میرٹ پر لگایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 16 جولائی کو ہونے والے سرچ کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین کا اشتہار فائنل کر لیا جائے گا، تاہم نئے چیئرمین کی تلاش کے لیے کچھ وقت لگے گا اس دوران قائم مقام چیئرمین کا تقرر کر دیا جائے گا۔
وہ اتوار کو آرٹس کونسل میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے زیرِ اہتمام تقسیمِ اسناد کی تقریب کے بعد خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں جامعہ کراچی سے بھی بڑی یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے جس کے لیے دو سو ایکڑ زمین درکار ہے۔