google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پی ایس ایکس 134,000 کی بلند سطح عبور کرگیا - UrduLead
اتوار , جولائی 13 2025

پی ایس ایکس 134,000 کی بلند سطح عبور کرگیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں خریداری کا رجحان جمعہ کو بھی جاری رہا جہاں کاروبار کے آغاز پر چند ہی منٹوں میں کے ایس ای-100 انڈیکس 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 134,000 کی بلند سطح عبور کرگیا۔

صبح 9 بجکر 50 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 669.99 پوائنٹس یا 0.5 فیصد اضافے سے 134,452.33 پوائنٹس پر جاپہنچا۔

اہم شعبوں میں خریداری دیکھنے میں آئی، جن میں آٹوموبائل اسمبلرز، بجلی پیدا کرنے والے ادارے، ریفائنریز اور آئل و گیس مارکیٹنگ کمپنیاں شامل ہیں۔ اے آر ایل، پی آر ایل، حبکو، پی ایس او، ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی مثبت زون میں ٹریڈ کررہے ہیں۔

جمعرات کو اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان ایک بار پھر لوٹ آیا۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد واضح طور پر بحال ہوتا دکھائی دیا۔ بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1,205 پوائنٹس یا 0.91 فیصد کے زبردست اضافے سے 133,782.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بین الاقوامی سطح پر جمعہ کو ایشیائی مارکیٹوں میں ابتدائی تیزی کے باوجود امریکی اور یورپی اسٹاک فیوچرز میں کمی دیکھی گئی جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ اور کینیڈا کے خلاف ٹیرف بڑھانے کی دھمکیاں مزید سخت کردیں جس سے علاقائی حصص بازاروں میں تیزی محدود ہو گئی۔

امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے جمعرات کی شب ایک خط جاری کیے جانے کے بعد امریکی ڈالر نے یورو اور کینیڈین کرنسی کے مقابلے میں برتری حاصل کرلی۔ خط میں کہا گیا کہ یکم اگست سے کینیڈا سے آنے والی تمام درآمدات پر 35 فیصد ٹیرف لاگو ہوگا جبکہ یورپی یونین کو بھی جمعہ تک اسی نوعیت کا خط بھیجا جائے گا۔

امریکی صدر جن کی جانب سے دنیا بھر میں عائد کردہ ٹیرف پالیسیوں نے کاروباری سرگرمیوں اور پالیسی سازی کو بری طرح متاثر کیا ہے، نے دیگر ممالک پر درآمدی اشیاء کے لیے 15 یا 20 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی تجویز دی ہے جو موجودہ 10 فیصد کی بنیادی شرح سے نمایاں اضافہ ہوگا۔

نیسڈیک فیوچرز اور ایس اینڈ پی 500 فیوچرز دونوں میں تقریباً 0.4 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ یورواسٹاکس 50 فیوچرز میں بھی 0.4 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔

یورو 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 1.1676 ڈالر پر آ گیا جبکہ امریکی ڈالر 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 1.3695 کینیڈین ڈالر تک پہنچ گیا۔

ایم ایس سی آئی کے جاپان کے سوا ایشیا پیسیفک حصص کا وسیع ترین انڈیکس جمعہ کو کچھ اتار چڑھاؤ کے بعد آخرکار 0.5 فیصد بڑھ گیا، جس سے پورے ہفتے کا مجموعی اضافہ 0.7 فیصد ہو گیا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

فرانس میں ایکس پرالزامات کا باقاعدہ تفتیش کا آغاز

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ایک نئے قانونی بحران کی زد میں آگیا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے