
ڈراما شائقین کا طویل انتظار ختم ہوا اور میگا کاسٹ ڈرامے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کا مختصر دورانیے کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے جلد نشر کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
متعدد رومانوی فلموں کی کہانی جیسے ڈرامے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں۔
ڈرامے کی کاسٹ میں ہمایوں سعید، سجل علی، آصف رضا میر، صبا فیصل، صبا حمید، بابر علی، حاجرہ یامین، اذان سمیع خان، نمیر خان، صائمہ اور دیگر شامل ہیں۔
میگا کاسٹ پر مبنی ڈرامے کے جاری کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹیزر سے اس کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ ڈرامے میں محبت، سماجی اقدار اور بدلتی ترجیحات سمیت پرانی روایات کو دکھایا جائے گا۔
ٹیزر سے عندیہ ملتا ہے کہ ہمایوں سعید اور سجل علی ہی مرکزی کردار ہیں، تاہم باقی اداکاروں کے کردار بھی انتہائی شاندار رکھے گئے ہیں۔
ٹیزر میں سجل علی کی یونیورسٹی کی طالبہ جب کہ ہمایوں سعید کی ایک ٹیچر کے طور پر جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔
ممکنہ طور پر ڈرامے میں ہمایوں سعید اور سجل علی کو رومانوی جوڑی کے طور پر دکھایا جائے گا، جنہیں سماجی روایات، بدلتی ترجیحات اور خاندان رسم و رواج کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
اگرچہ ڈرامے کی ٹیم نے اس کی کہانی سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم بعض شائقین اور مبصرین کے مطابق ڈرامے کی کہانی رومانوی ہے اور اس میں بڑی عمر کے مرد اور چھوٹی عمر کی لڑکے کے رومانس کو دکھایا جائے گا۔
ڈرامے کی کہانی اور مناظر اردو زبان کے معروف افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کے افسانوں اور کہانیوں سے ملتے جلتے دکھائی دیں گے، تاہم اس کی کہانی منٹو کے کسی افسانے پر مشتمل نہیں۔
ٹیزر کو جاری کرتے ہوئے ڈرامے کو جلد نشر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم اس کے لیے تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، ممکنہ طور پر جولائی کے وسط سے ڈرامے کو نشر کیا جانے لگے گا۔