google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفاقی بجٹ 26-2025ء پیش کر رہے ہیں - UrduLead
بدھ , جون 11 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفاقی بجٹ 26-2025ء پیش کر رہے ہیں

قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفاقی بجٹ 26-2025ء پیش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت بجٹ اجلاس شروع ہو گیا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ 26-2025 پیش کر رہے ہیں، جبکہ اجلاس میں اپوزیشن اراکین کی جانب سے شور شرابہ کیا جارہا ہے۔

قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 5 بجے طلب کیا گیا تھا، تاہم وہ تقریباً آدھے گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، وزیراعظم شہباز شریف بھی ایوان پہنچ چکے ہیں۔

بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس معزز ایوان کے سامنے مالی سال 26-2025 کا بجٹ پیش کرنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، اس مخلوط حکومت کا یہ دوسرا بجٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں کی قیادت خصوصا میاں محمد نواز شریف ، بلاول بھٹو، خالد مقبول صدیقی، چوہدری شجاعت حسین، عبدالعلیم خان اور خالد حسین مگسی کی رہنمائی کے لیے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جناب اسپیکر، یہ بجٹ نہایت اہم اور تاریخی موقع پر پیش کیا جارہا ہے، قوم میں حالیہ دنوں میں غیر معمولی اتحاد، عزم اور ہمت کا عملی مظاہرہ پیش کیا ہے، بھارتی جارحیت کے مقابل ہماری سیاسی قیادت، افواج پاکستان اور پاکستان کے غیور عوام نے جس جواں مردی، دانشمندی اور یکجہتی کا ثبوت دیا، وہ تاریخ کے سنہری اوراق میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ کامیابی ایک شاندار عسکری کامیابی کے علاوہ پوری قوم کے اجتماعی شعور، قومی وقار اور غیرت کا مظہر تھی، میں یہاں پر پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، شجاعت اور جذبہ قربانی سے دشمن کو مؤثر اور بھر پور جواب دیا، جس سے نہ صرف ہماری سرحدوں کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا بلکہ عالمی برادری میں پاکستان کا وقار بھی بلند ہوا، اس عظیم کامیابی نے یہ پیغام دیا کہ پاکستانی قوم ہر آزمائش میں متحد ہے اور مادر وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اسی قومی عزم اور یکجہتی کو بروئے کار لاتے ہوئے اب ہماری توجہ معاشی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے حصول کی جانب مرکوز ہے، ہم نے جس جذبے سے قومی سلامتی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا ہے، اُسی خلوص اور حوصلے کے ساتھ ہمیں اپنی معیشت کو مستحکم اور عوام کی فلاح کو یقینی بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پچھلے لگ بھگ سوا ایک سال کے دوران قومی اتحاد اور عزم کے جذبے کے ساتھ معاشی بحالی، اصلاحات اور ترقی کا سفر کامیابی سے طے کیا ہے اور معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط، اور ترقیاتی منصوبہ بندی کو یکجا کرتے ہوئے نہ صرف معیشت کو استحکام بخشا ہے بلکہ مستقبل کی بنیادیں بھی مضبوط کی ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ یہی ویژن ہمیں آگے بڑھاتا ہے، ایک ایسے پاکستان کی طرف جہاں ترقی ہر فرد کی دہلیز تک پہنچے، اور قوم بحیثیت مجموعی خوشحال ہو، راہ پر قائم، خوشحالی دائم یہی ہمارا عزم، ہماری حکمت عملی اور ہمارا نعرہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جناب اسپیکر ! ہم نے گزشتہ سال معیشت کی بہتری کے لیے کئی اہم اقدامات کیے، جن کے نتیجے میں مالی نظم و ضبط میں نمایاں بہتری آئی اور ہمیں کئی کامیابیاں حاصل ہوئیں، جن میں سے کچھ کا ذکر کرنا چاہوں گا۔

  • جی ڈی پی کے 2.4 فیصد کے برابر پرائمری سرپلس کا حصول۔
  • افراط زر میں نمایاں کمی 4.7 فیصد
  • پچھلے سال کے 1.7 ارب ڈالر خسارے کے مقابلے میں اس سال سرپلس کرنٹ اکاؤنٹ 1.5 ارب ڈالر متوقع
  • روپے کی قدر میں استحکام۔
  • ترسیلات زر موجودہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 31 فیصد اضافے کے ساتھ 31.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، ہم پر امید ہیں کہ موجودہ مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر کا حجم 38 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
  • اسٹیٹ بنک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں دو ارب ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے، موجودہ سال کے اختتام تک یہ ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔

قبل ازیں، قومی اسمبلی اجلاس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر ایوان میں پہنچ گئے، پی ٹی آئی اراکین نے ہاتھوں میں احتجاجی پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں، جن پر عمران خان کی رہائی کے نعرے درج ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو ہوئے کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کے تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ ہونا چاہیے، بجٹ عوام دوست ہونا چاہیے۔

اس موقع پر رانا ثنا اللہ سے صحافی نے سوال پوچھا کہ آپ تو عوامی لیڈر ہیں عوام آپ سے کیا توقع رکھے؟ جس پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ کچھ باتیں وزیر خزانہ کے لیے رہنے دیں، انشاء اللہ بہتر ہوگا، بجٹ تقریر سے پہلے کچھ نہیں بتا سکتا۔

قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی تھی، جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ وفاقی بجٹ میں نان فائلرز کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جانے کا امکان ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی کیش خریداری کی حوصلہ شکنی کے لیے اقدامات کیے جاسکتے ہیں، جبکہ ہر قسم کی کیش خریداری پر بھی اضافی ٹیکس کی تجویز ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

وفاقی بجٹ 2025-26: جائیداد کی خریداری پر ودوہولڈنگ ٹیکس میں کمی ، تنخواہ داروں کیلئے ٹیکس ریلیف، کاربن لیوی عائد ، سولر اور چھوٹی گاڑیوں پر جی ایس ٹی عائد

مالی سال 26-2025ء کے بجٹ میں جائیداد کی خریداری پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس ڈیڑھ فیصد …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے