
سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی (اے پی سی سی) کا اجلاس 26 مئی اور نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس 20 مئی کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی (اے پی سی سی) کا اجلاس 26 مئی کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس میں آئندہ مالی سال کے وفاقی ترقیاتی بجٹ کی سفارشات تیارکی جائیں گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی آئندہ مالی سال کا سالانہ معاشی پلان تجویز کرے گی جب کہ اجلاس میں رواں مالی سال کے وفاقی ترقیاتی بجٹ اور سالانہ معاشی پلان کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے وزارت خزانہ نے وفاقی ترقیاتی بجٹ کی حد 921 ارب روپے تجویز کی ہے، وزیراعظم کی اجازت سے نئے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کےحجم میں اضافےکی کوشش ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں نئےمالی سال کے معاشی شرح نمو کے ہدف کا جائزہ لیا جائے گا اور نئے مالی سال کے لیے زرعی، صنعتی اور خدمات شعبوں کے اہداف کا تعین کیا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق اے پی سی سی میں آئندہ مالی سال کے لیے مہنگائی کا ہدف بھی تجویز کیا جائے گا، اے پی سی سی کی سفارشات منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل میں پیش کی جائیں گی۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس 29 یا 30 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔
نیشنل اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس 20 مئی کو طلب کرنےکا فیصلہ ہوا ہے، کمیٹی رواں مالی سال کے معاشی اہداف کی منظوری کاجائزہ لے گی۔
ذرائع کے مطابق نیشنل اکاونٹس کمیٹی گذشتہ مالی سال کےمعاشی اہداف پرنظرثانی کی منظوری بھی دے گی۔