
پاکستان کی مسلح افواج نے رات گئے کیے جانے والے بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے جبکہ ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا گیا جبکہ بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی۔
وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صبح سویرے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی ہے، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، پاکستان کے مؤثر جواب کے بعد بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیراعظم صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے رہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا دیا اور شکست تسلیم کرلی۔
قبل ازیں وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے رات 2 بجکر 45 منٹ پر 2 بھارتی طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کی، تیسرے بھارتی طیارے کو نشانہ بنانے کی تصدیق سرکاری میڈیا پی ٹی وی کے ذریعے صبح 3 بج کر 42 منٹ پر کی گئی جس میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ نے اونتی پورہ سے 17 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں ایک اور بھارتی رافیل طیارہ مار گرایا ہے۔
فوجی ترجمان نے صبح 4 بجے کے قریب صورتحال کے تازہ ترین اعداد و شمار فراہم کیے، چوتھے اور پانچویں طیارے کی تصدیق صبح 5 بجے کے بعد وزیر دفاع، وزیر اطلاعات اور فوج کی جانب سے کی گئی۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں، بھارتی طیاروں کو بھارت کی حدود میں مار گرایا، تباہ کیے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک سخوئی 30 اور ایک مگ شامل ہے جبکہ پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے ’بی بی سی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ پاک فضائیہ نے اکھنور، جموں، برنالہ اور انبالہ میں بھارتی فضائیہ کے 3 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں جبکہ ایک کواڈ کاپٹر اور ایک بڑا ڈرون طیارہ بھی تباہ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تباہ کیے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک سخوئی 30 شامل ہے، اس کے علاوہ پاک فضائیہ نے ایک ہیرون ڈرون بھی مار گرایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایل او سی پر دشمن کی متعدد پوسٹیں بھی تباہ کر دی گئی ہیں جبکہ افواج پاکستان تاحال دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے رات گئے پاکستان پر بزدلانہ میزائل حملے کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی تھی کہ بھارت کی جانب سے کوٹلی، بہاولپور، مریدکے، باغ اور مظفر آباد میں بزدلانہ میزائل حملے میں 8 پاکستانی شہید اور 35 زخمی ہوئے جبکہ دو شہری لاپتا ہیں۔
رات گئے ’اے آر وائی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ کچھ دیر قبل بزدل دشمن بھارت نے بہاولپور کے علاقے احمد ایسٹ، کوٹلی اور مظفر آباد میں سبحان اللہ مسجد پر فضا سے تین مقامات پر فضائی حملے کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر اس کا جواب دے گا، اس گھناؤنی اشتعال انگیزی کا جواب ضرور دیا جائے گا۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ احمد پور شرقی میں ایک بچے کی شہادت اور 12 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوٹلی میں 2 شہری شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں ایک مسجد پر حملہ کیا گیا تھا، میزائل اس کے قریب ایک گھر پر گرا ہے، جہاں والدین اور ایک بچہ پھنسے ہوئے ہیں جنہیں ریسکیو کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کوٹلی کی ایک مسجد پر بھی حملہ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ مساجد پر یہ حملے آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریے کی نشاندہی کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے مساجد کو نشانہ بنایا ہے اور وہ بعد میں مزید معلومات فراہم کریں گے۔