پاکستان تحریک انصاف نے انٹر نیشنل مونیٹری فنڈ (آئی ایم ایف ) کو خط لکھ دیاہے جس میں بیل آوٹ پیکج کے وقت پاکستان کی سیاسی صورتحال کو مد نظر رکھنے کی درخواست کی گئی ہے ۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی جانب سے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیاگیاہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط میں اپنی پوزیشن واضح کی گئی ہے ، پی ٹی آئی ذرائع کا کہناہے کہ وہ اس خط کے مزید متن کے بارے معلومات بعد میں جاری کریں گے۔
بتایا گیاہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے تحریک انصاف کو ای میل کا کوئی جواب نہیں دیا گیاہے۔
معاشی ماہرین کا خیال ہے کہ پی ٹی آئی کے خط کا مارکیٹ پر کوئی خاص اثر ہونے کا امکان نہیں ہے، آئی ایم ایف سے توقع ہے کہ وہ اپنا جامع تجزیہ کرے گا۔
گزشتہ موسم گرما میں آئی ایم ایف کی جانب سے 3 بلین ڈالر کا بیل آوٹ پیکج حاصل کرنے کے باوجود پاکستان کی معیشت مسلسل مہنگائی، کرنسی کی قدر میں کمی اور غیر ملکی ذخائر میں کمی جیسے چیلنجز سے دوچار ہے۔