حکومت سے اصلاحاتی اقدامات پر فوری عمل کا مطالبہ

آئی ایم ایف نے اخراجات میں کمی کے لیے حکومت سے اصلاحاتی اقدامات پر فوری عمل کا مطالبہ کردیا۔
آئی ایم ایف سے کیبنٹ ڈویژن، وزارت خزانہ اور سیکرٹری کیبنٹ کے رائٹ سائزنگ پر مذاکرات ہوئے، جس میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اخراجات میں کمی کے لیے رائٹ سائزنگ اقدامات پر بروقت عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
آئی ایم ایف نے آئندہ سہ ماہی میں ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کے لیے پلان بھی طلب کر لیا۔ وفد نے کہا کہ ریونیو شارٹ فال پر کوئی گنجائش نہیں ۔ آئندہ سہ ماہی میں 3 سو ارب کا شارٹ فال پورا کیا جائے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کمپلائنس رسک مینجمنٹ اور رسک امپرومنٹ پلان کے تحت اقدامات کرے۔ مذاکرات میں آئی ایم ایف وفد کو بڑے شہروں میں ٹیکس نیٹ سے باہر بڑے ریٹیلرز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وفد کو اسلام آباد، کراچی، لاہور میں ہائی رسک کیسز سے ریکوری کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جس پر آئی ایم ایف نے ہائی رسک کیسز کی تفصیلات پر ریکوری کی ہدایت کی اور کہا کہ تینوں شہروں میں ہائی رسک کیسز سے ریکوری سے ریونیو شارٹ فال پورا کیا جائے۔
آئی ایم ایف کے وزارتِ توانائی اور پیٹرولیم کے ساتھ مذاکرات میں پاور اور پیٹرولیم سیکٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں اسلامک بینکنگ کے اقدامات اور طریقہ کار پر آئی ایم ایف وفد کے ساتھ بات چیت ہوئی۔ اسٹیٹ بینک کے ساتھ ری فنانس اسکیم ٹرانزیشن اینڈ ڈویلپمنٹ فنانس پر بھی غور کیا گیا۔
آئی ایم ایف نے بینکنگ کے لیے آپریشنلائزیشن آف بینک ریزولیشن فریم ورک پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اقتصادی جائزے کے حوالے سے وزارت توانائی اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان مذاکرات جاری ہیں جس میں عالمی مالیاتی فنڈ کے حکومت کی سولر پالیسی پر تحفظات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ پاور ڈویژن اور پیٹرولیم ڈویژن کے حکام الگ الگ بریفنگ دیں گے، سیکریٹری پاور ڈویژن، سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن اور سیکریٹری خزانہ بریفنگ میں موجود ہیں، پاور ڈویژن ڈسکوز کی کارکردگی، گردشی قرض اور نجکاری کے بارے میں بریفنگ دے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو لائن لاسز کم کرنے، بجلی بل وصولی بڑھانے اور چوری روکنے بارے بتایا جائے گا، ڈسکوز میں بورڈز کی کارکردگی اور نئی انتظامیہ بارے بریفنگ دی جائے گی، تین ڈسکوز کی نجکاری بارے پیش رفت اور اثاثوں کے تعین بارے بتایا جائے گا آئی ایم ایف کے حکومت کی سولر پالیسی پر تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ بجلی ٹیرف میں 8 سے 10 روپے فی یونٹ کمی کرنے کے منصوبے پر وفڈ حکام کو اعتماد میں لیا جائے گا، پیٹرولیم ڈویژن سے ملاقات میں پیٹرولیم اور گیس سیکٹر کی ڈی ریگولیشن پر غور کیا جائے گا، گیس سیکٹر کے 3 ہزار ارب روپے کے گردشی قرض کو ختم کرنے کے پلان پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت گردشی قرض کو ختم کرنے کیلئے مقامی اور درآمدی گیس کیلیے اوسط ٹیرف پر بریفنگ دے گی، حکومتی گیس کمپنیوں کو مزید تقسیم کرنے کے پلان پر غور کیا جائے گا،نجی شعبے کو گیس خرید و فروخت میں شریک کرنے بارے بریفنگ دی جائے گی۔