
چیمپئنز ٹرافی کے 10ویں میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو 274 رنز کا ہدف دے دیا، آج کے میچ کی فاتح ٹیم کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن ہیں۔
چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ ’بی‘ کے فیصلہ کُن میچ میں افغانستان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 3 رنز کے مجموعے پر رحمت اللہ گرباز آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد افغان بیٹرز نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 وکٹ کے لیے 67 رنز کی ساجھے داری قائم کی، تاہم اس موقع پر ابراہیم زدران 22 رنز پر ہمت ہار بیٹھے۔
اس کے بعد تیسری وکٹ بھی 91 رنز پر گر گئی، جب رحمت شاہ میکس ویل کا شکار بنے، جس کے بعد صدیق اللہ اتل اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے اسکور کو 159 رنز تک پہنچا دیا، تاہم اس موقع پر 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے صدیق اللہ اتل آؤٹ ہو گئے۔
افغانستان کو پانچواں نقصان 176، چھٹا 182 اور ساتویں وکٹ 199 رنز پر گرگئی، لیکن وکٹیں گرنے کے باوجود عظمت اللہ عمرزئی نے 5 چھکوں اور ایک چوکے سے سجی 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
افغان ٹیم صدیق اللہ اتل اور عظمت اللہ عمرزئی کی نصف سینچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 273 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 274 رنز کا ہدف دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہا یہ میچ افغانستان کے لیے فیصلہ کُن ہے جس میں شکست کی صورت میں وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کو 8 رنز سے شکست دے کر انہیں ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا، جبکہ آسٹریلیا بھی اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کو شکست دے چکا ہے۔
یہ افغانستان کا تیسرا گروپ میچ ہے جس میں ناکامی کی صورت میں افغان ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی جبکہ اس میچ کا فاتح سیمی فائنل میں پہنچے گا۔