بھارتی میڈیا ایک مرتبہ پھر چیمپئینز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش پر غیر مصدقہ افواہیں پھیلانے لگا۔
افتتاحی تقریب، کیپٹنز میٹ کے بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان میں شیڈول چیمپئینز ٹرافی کیلئے اسیٹیڈیمز کی تزئین و آرائش پر افواہیں پھیلانا شروع کردیں۔
رپورٹس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں صحافیوں کا داخلہ ممنوع کردیا گیا ہے تاکہ اسیٹیڈیمز کی تعمیر سے متعلق کوئی خبر شیئر نہ کی جائے۔
میڈیا کی غیر مصدقہ رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ہفتے میں محض ایک روز بورڈ نمائندے کی موجودگی میں صحافی اسٹیڈیم کا دورہ کرسکیں گے۔
اسٹیڈیمز کی تعمیر میں تاخیر اور میگا ایونٹ کو دیکھتے ہوئے پی سی بی نے ہزیمت سے بچنے کیلئے ایسا فیصلہ کیا ہے تاکہ چیمپئینز ٹرافی کو آئی سی سی کہیں اور منتقل نہ کردے۔
دوسری جانب چیمپئینز ٹرافی کیلئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی سربراہی میں اسٹیڈیمز کی تعمیر تقریباً آخری مراحل میں ہے تاہم بھارتی بورڈ اپنے میڈیا کے ذریعے پاکستان کیخلاف ناکام پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 19 فروری سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا تاہم اس سے قبل گرین شرٹس انہیں میدانوں پر سہ ملکی سیریز کی میزبانی بھی کریں گے۔