google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 چیمپئنز ٹرافی پر ہائبرڈ نہیں کوئی نیا فارمولا لائیں گے: محسن نقوی - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

چیمپئنز ٹرافی پر ہائبرڈ نہیں کوئی نیا فارمولا لائیں گے: محسن نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ جو بھی ہوگا برابری کی بنیاد پر ہوگا، چیمپئنز ٹرافی پر ہائبرڈ نہیں کوئی نیا فارمولا لائیں گے۔

دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسا فیصلہ کریں گے جس میں پاکستان کی عزت اور کرکٹ کی جیت ہو، مزید کہا کہ ایک ہی بار فیصلہ کریں گے جو طویل مدتی ہو۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ابھی چیمپئنز ٹرافی پر زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا، جس سے معاملات خراب ہوں۔

قبل ازیں، صبح محسن نقوی نے کہا تھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے اور سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈ کے ہیڈ اور آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین مبشر عثمانی نے ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپینز ٹرافی کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں اور پاکستان آنے والی ٹیموں اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے کر فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز ہے اور ہم ہر ٹیم کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں، ہم نے کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا ہے۔

ادھر، ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہ ہوسکا اور بورڈ اجلاس بھی آج نہیں ہوسکے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اگلے ایک سے دو روز میں کوئی پیشرفت ہوسکتی ہے، آئی سی سی نے پاکستان اور بھارتی بورڈ سے حل طلب فارمولا لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان نے ایک بار پھر بھارت سے حکومتی خط کی ڈیمانڈ کی ہے جس میں پاکستان نہ آنے کی وجہ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایک بار پھر اپنے مؤقف پر سختی سے قائم رہا تھا،جس کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بے لچک مؤقف کی وجہ سے اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بی سی سی آئی حکام نے بھی اپنے مؤقف سے دیگر ممبران کو آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے