جمعہ , جولائی 31 2026

موسلادھار بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی

جنوب میں شدید گرمی برقرار

محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ سے اتوار تک گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی و وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

گلگت بلتستان میں گلگت، سکردو، استور، ہنزہ، گوپس، بنجی، چلاس اور بابوسر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک والی بارش کا امکان ہے۔ گلگت میں درجہ حرارت 38 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں، جن میں چترال، دیر، مالم جبہ، سیدو شریف، پشاور، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور کاکل شامل ہیں، میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پشاور میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔

آزاد کشمیر کے راولاکوٹ، مظفرآباد اور گڑھی دوپٹہ کے علاوہ پنجاب کے مری، اسلام آباد، جہلم، راولپنڈی، اٹک، لاہور اور چکوال سمیت مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں درجہ حرارت 34 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

جنوبی پنجاب میں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور ساہیوال میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، تاہم ان علاقوں میں درجہ حرارت 38 سے 42 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے کراچی، ٹھٹھہ اور مٹھی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ حیدرآباد، سکھر، موئن جو دڑو، دادو اور نواب شاہ میں زیادہ تر موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ دادو میں درجہ حرارت 43 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ، سمنگلی، گوادر، قلات، تربت، جیوانی اور نوکنڈی میں مطلع زیادہ تر صاف رہے گا، جبکہ سبی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تربت میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو ملک کے گرم ترین علاقوں میں شامل ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب جنوبی علاقوں کے شہریوں کو شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال اور دیگر حفاظتی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مہنگائی 10 فیصد تک رہنے کا خدشہ

وزارت خزانہ نے نئے مالی سال 2026-27 کے آغاز پر مہنگائی میں اضافے کا خدشہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے