منگل , جولائی 28 2026

ملک بھر میں شدید گرمی برقرار: موسمیات

شمالی علاقوں میں بارش اور آندھی کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے 27 سے 29 جولائی تک کے لیے موسم کی تازہ پیشگوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی، جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں مختلف مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں پیر کے روز گلگت، سکردو اور استور میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ ہنزہ میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ منگل اور بدھ کو بیشتر علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 19 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ چترال، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہے گا، جہاں درجہ حرارت 29 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ تاہم مالم جبہ، دیر، سعیدو شریف اور کاکول میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

کشمیر اور مری سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں آئندہ تین روز کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ راولاکوٹ، مظفر آباد اور گڑھی دوپٹہ میں درجہ حرارت 23 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ لاہور، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان اور سرگودھا میں دن کے وقت درجہ حرارت 35 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ پیر کو چند مقامات پر گرج چمک اور ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ منگل اور بدھ کو بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ میں موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا۔ کراچی میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ درجہ حرارت 34 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ حیدرآباد، سکھر، موئن جو دڑو، نواب شاہ اور دادو میں پارہ 37 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہے گی۔ نوکنڈی میں درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ، تربت میں 41 سے 44 ڈگری جبکہ کوئٹہ اور سمنگلی میں 36 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گوادر، جیوانی اور قلات میں نسبتاً معتدل موسم رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔ شمالی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

یوفون کو “e&” برانڈ بنانے کی تجویز مؤخر

حکومت نے قانونی رائے طلب کر لی حکومت نے مبینہ طور پر یوفون اور ٹیلی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے