google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 وزیر داخلہ کو حتمی جواب کے لیے CM ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس 9 بجے طلب - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

وزیر داخلہ کو حتمی جواب کے لیے CM ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس 9 بجے طلب

وزیر داخلہ محسن نقوی کے چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطے کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخوا میں ہونے والے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کی اندورنی کہانی سامنے آگئی ہے۔

وزیرداخلہ کی دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے سےقبل سابق صدر عارف علوی اور علی امین گنڈاپور کی علیمہ خان سے ٹیلی فونک رابطے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔ علیمہ خان نے نہ تو عارف علوی کا فون اٹھایا اور نہ ہی علی امین گنڈاپور کا فون اٹھا رہی ہیں۔

جس کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس 9 بجے طلب کرلیا گیا ہے، جس میں بشریٰ بی بی سے مشاورت کی جائے گی۔

سابق صدر عارف علوی نے چئیرمین بیرسٹر گوہر کو پشاور پہنچنے کی درخواست کی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان سے دوسری بار رابطہ کیا ہے اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ تاہم وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ رابطہ صرف ایک ہی بار ہوا ہے اور پی ٹی آئی کے حتمی جواب کا انتظار ہے۔

وزات داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، نہ ہی کوئی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔

قبل ازیں، ذرائع نے بتایا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی چیئرمین سے دوسری بار ٹیلی فونک رابطے میں ایک بار پھر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غیرملکی مہمانوں کا 80 افراد پر مشتمل وفد پاکستان آرہا ہے، ایسی صورتحال میں دھرنا یا احتجاج سیاسی جماعت کو زیب نہیں دیتا۔

جس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جماعت کے دیگر رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے، حتمی فیصلہ پارٹی کی دیگر قیادت سے ملاقات کے بعد ہوگا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے وزیرِ اعلیٰ خٰبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو محسن نقوی کے فون سے متعلق آگاہ کر دیا۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر وزیرِ داخلہ کو حتمی فیصلے سے شام چھ بجے تک آگاہ کریں گے۔

اس سے قبل محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم عدالتی حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس، دھرنے یاریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔

علاوہ ازیں پہلے رابطے میں بھی وفاقی وزیر داخلہ نے بیلاروس کے صدرکی قیادت میں اعلی سطح کے 80 رکنی وفد کی مصروفیات وتفصیلات سے آگاہ کیا گیا تھا۔

محسن نقوی نے بتایا تھا کہ بیلاروس کا اعلی سطح کا وفد 24 نومبرکو اسلام آباد پہنچ رہا ہے،

بیلاروس کے صدر 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے اور وفد 27 نومبر تک اسلام آباد رہے گا۔

اس وقت بھی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی مشاورت کے بعد آپ کو حتمی رائے سے آگاہ کروں گا۔

اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے خبردار کیا ہے کہ اس بار جو اسلام آباد آئے گا بچ کر نہیں جائےگا، آنسو گیس تو چلے گی ہی گرفتاریاں بھی کرنی ہیں۔

اسلام آباد پولیس لائنز میں سپاہیوں سے خطاب کے دوران اسلام آباد پولیس کو پکڑ دھکڑ کی ہدایت کردی اور کہا کہ اسلام آباد کو محفوظ رکھنے کے لیےٹیم کی طرح مل کر کام کرنا ہے۔

دوسری جانب رہنما ن لیگ طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی گھر والی ملک کا تماشا بنا رہے ہیں بشری بی بی کا بیان بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس بیان پر انہیں شرم آنی چاہیے، تحریک انصاف کی قیادت گھریلو اور غیر سیاسی خواتین کے ہاتھوں میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ دوست ممالک کو نشانہ بنایا یہ پاکستان کو دیوالیہ کرنا چاہتے ہیں جھوٹا بیانیہ بنانا ان کی عادت ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …