مشہور پاکستانی لوک گلوکار عطا اللّٰہ عیسیٰ خیلوی سے لندن میں پنجابی ریپر، گلوکار، اور میوزک پروڈیوسر بوہیمیا نے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران بوہیمیا نے عطا اللّٰہ عیسیٰ خیلوی کے لیے اپنی بے پناہ عقیدت کا اظہار کیا اور ان کے پیروں میں بیٹھ کر عزت دی۔ یہ جذباتی منظر مداحوں کے لیے یادگار بن گیا۔
ملاقات کی تصویر عطا اللہ خان عیسی خیلوی نے اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کی جس کے نیچے نامور بھارتی گلوکار گرو رندھاوا نے لکھا کہ دونوں میری پسندیدہ سپر سٹارز ہیں۔
بھارتی گلوکار کے کمنٹ پر عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے جواب میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بوہیمیا ان دنوں لندن کے دورے پر ہیں، جہاں ان کی برطانوی پاکستانی سوشل میڈیا اسٹار اور شوقین گلوکار چاہت فتح علی خان سے بھی ویڈیو کال پر گفتگو ہوئی۔
اس ویڈیو کال کے دوران چاہت فتح علی خان نے بوہیمیا کو اپنا منفرد انداز میں مشہور گانا “بدو بدی” کا نیا ورژن سنایا، جس پر بوہیمیا نے داد دیتے ہوئے مزاحیہ انداز میں اعلان کیا، “ہمارا نیا گانا آ رہا ہے، بوہیمیا بوم!”
چاہت فتح علی خان نے اس موقع پر بوہیمیا کو اپنے مخصوص انداز میں ایک شعر بھی سنایا، جسے سن کر ریپر نے خوب انجوائے کیا۔