پاکستان کے ساتھ بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی یکساں مقبول اداکارہ ہانیہ عامر سے بنگالی مداح کی جانب سے شکوہ کیے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں بنگالی مداح نے سقوط ڈھاکا پر اظہار افسوس کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو کینیڈا میں منعقد ایک تقریب کی ہے، جس میں ہانیہ عامر نے مداحوں کے سوالات کے جوابات دیے تھے۔
اسی تقریب میں ایک بھارتی مداح خاتون نے اداکارہ سے شادی سے متعلق بھی سوال کیا کہ وہ کب رشتہ ازدواج میں بندھیں گی؟
اس پر ہانیہ عامر نے جواب دیا کہ وہ سیدھی سادی لڑکی ہیں، ابھی ایسا کوئی پروگرام نہیں لیکن جب بھی شادی کریں گی، ڈھنڈورا پیٹیں گی اور سب کو بتا دیں گی۔
اسی تقریب میں بنگلہ دیش کے ایک مداح نے بھی ہانیہ عامر سے سوال کرنے سمیت شکوہ بھی کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بنگالی مداح نے اداکارہ کو کہا کہ وہ جب بھی اپنی کوئی تصویر یا ویڈیو انسٹاگرام پر پوسٹ کرتی ہیں تو بنگالی مداح زیادہ تر ایک ہی کمنٹ کرتے ہیں کہ انہیں تقسیم (سقوط ڈھاکا) کا نقصان ہوا، کیونکہ آپ پاکستان میں رہ گئیں۔
بنگالی مداح نے مسکراتے ہوئے اداکارہ سے کہا کہ وہ بنگالی مداحوں کے مذکورہ کمنٹ پر اپنی رائے دیں، وہ ایسے تبصرے پڑھ کر کیا سوچتی ہیں۔
ہانیہ عامر نے بنگالی مداح سے بھی سوال کیا کہ انہیں کس طرح نقصان ہوا ہے؟ اگر نقصان ہوا ہوتا تو ان کے سامنے نہ ہوتے، انہیں دیکھ نہ رہے ہوتے۔
اس پر بنگالی مداح نے انہیں مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ جیسی خوبصورت لڑکی پاکستان رہ گئی اور ہم بنگلہ دیش میں آپ کو یاد کرتے رہتے ہیں۔
ہانیہ عامر نے مزید کہا کہ انہوں نے بھی ایسے بہت سارے کمنٹس پڑھے ہیں لیکن ایسا نہیں کہ وہ اور مداح الگ الگ ہوگئے۔
اداکارہ نے کہا کہ سرحدیں انہیں الگ نہیں کر سکتیں، وہ اور مداح ایک ہی ہیں اور ملتے بھی رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ وہ پاکستانی ہیں لیکن وہ اپنے مداحوں سے ملنے کے لیے بیرون ممالک کا دورہ کرتی رہتی ہیں اور وہ اپنے مداحوں سے الگ نہیں ہیں۔
ہانیہ عامر نے مداح سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سیاست اور سرحدیں انہیں اور ان کے مداحوں کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کر سکتیں اور یہ کہ انہیں مختلف ممالک کے اپنے مداحوں سے مل کر بہت خوشی ہوتی ہے۔