google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے پر یورو بانڈ لانچ کریں گے: وزیرخزانہ - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے پر یورو بانڈ لانچ کریں گے: وزیرخزانہ

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان یورو بانڈز اس وقت لانچ کرے گا جب ہماری کریڈٹ ریٹنگ بی کیٹگری ہو جائے گی۔

ایس ای سی پی کے الیکٹرانک مارٹگیج رجسٹر کی تعارفی تقریب سے خطاب و میڈیا ٹاک کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان کی بی کیٹگری ریٹنگ متوقع ہے، پاکستان یورو بانڈز اس وقت لانچ کرے گا جب ہماری کریڈٹ ریٹنگ بی کیٹگری ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی کے ساتھ مثبت گفتگو رہی ہے، ہم فچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، اگلے مالی سال میں یورو بانڈز متعارف کروائیں گے۔

وفاقی وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ 1 ارب ڈالر کی کلائمیٹ فنانسنگ کے حصول کیلیے آئی ایم ایف کو ہمیں اپنے منصوبے بہتر انداز میں پیش کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ فنانسنگ کی بات چیت عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ بھی جاری ہے، کلائمیٹ فنانسنگ پر ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے نائب صدر سے آج بھی بات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جون 2025ء میں زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 13 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے، جب ذخائر 13 ارب ڈالر ہوں گے تو 3 ماہ کی درآمدات کو تحفظ حاصل ہو جائے گا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ مقامی سرمایہ کار و تاجروں کو راغب کرنے کیلئے شرح سود میں کمی کی جا چکی ہے، کراچی انٹربینک مارکیٹ ریٹ فی الوقت 13 فیصد پر ہے جو مزید نیچے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو ٹیکسیشن میں بہتری اور توانائی کی لاگت میں بھی کمی کرنی ہے، وزارتِ توانائی پاور ٹیرف میں کمی کیلئے متحرک ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ جاری ڈیجیٹلائزیشن سے ایف بی آر میں کرپشن کے دروازے بند ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ دوست ممالک پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں اور عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے، ہم نے معیشت کو مستحکم کردیا ہے جس کے بعد معیشت کی ترقی کیلئے ریگولیٹرز اور بینکوں کو کردار ادا کرنا ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ صرف ٹیکنالوجی سے بات نہیں بنے گی، متعلقہ افرادی قوت کی استعداد بھی بڑھانا ہوگی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …