google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 ’جان نثار‘ میں منفی کردار پر دھمکیاں دی گئیں: حبا علی خان - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

’جان نثار‘ میں منفی کردار پر دھمکیاں دی گئیں: حبا علی خان

مقبول ڈرامے ’جان نثار‘ میں کشمالا کا منفی کردار ادا کرنے والی حبا علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اسکرین پر حبا علی بخاری اور دانش تیمور کی زندگی خراب کرنے پر دھمکیاں ملیں۔

’جان نثار‘ میں حبا علی خان نے کشمالا نامی خاتون کا کردار ادا کیا ہے جوکہ ہیرو دانش تیمور کی پہلی اہلیہ ہوتی ہیں جب کہ ڈرامے میں حبا بخاری نے دانش تیمور کی دوسری اہلیہ دعا کا کردار ادا کیا ہے۔

ڈرامے میں حبا علی خان ہر وقت اپنے شوہر دانش تیمور اور ان کی دوسری بیوی حبا بخاری کے خلاف سازشیں کرکے ان کے رشتے اور تعلق میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

ڈرامے میں جہاں حبا بخاری اور دانش تیمور کے کردار کو پسند کیا جا رہا ہے، وہیں حبا علی خان کے کردار کو بھی سراہا جا رہا ہے۔

اداکارہ نے حال ہی میں جیو ڈیجیٹل کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے کردار اور ڈرامے سے متعلق کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اسکرپٹ پڑھنے کے فوری بعد ہی کردار ادا کرنے کی حامی بھری، کیوں کہ انہیں لگا کہ ان کا کردار مختلف اور سب سے جاندار ہے۔

حبا علی خان نے کہا کہ وہ پورے ڈرامے میں ہر وقت دانش تیمور اور حبا علی بخاری کی زندگی کو خراب کرنے کی کوشش کرتی دکھائی دیتی ہیں، جس پر ان کے کردار سے کافی نفرت بھی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں حبا بخاری اور دانش تیمور کے تعلق کو خراب کرنے کی کوشش پر انہیں انسٹاگرام میسیجز میں دھمکیاں دی گئیں، انہیں کہا گیا کہ ان کا گناہ ناقابل معافی ہے۔

اداکارہ کے مطابق نہ صرف انسٹاگرام میسیجز بلکہ یوٹیوب پر ڈرامے کی ویڈیوز سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی لوگ ان کے کردار سے نفرت کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے دانش تیمور اور حبا بخاری کے ساتھ بہت برا کیا ہے۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ سخت گرمیوں میں ہوئی تھی، جس وجہ سے ہدایت کار دو بار بیہوش ہوگئے تھے جب کہ ان کی اور حبا علی بخاری کی طبیعت بھی خراب ہوگئی تھی۔

حبا علی خان نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے کے اختتام پر لوگ ان کے کردار پر ترس بھی کھانے لگیں گے، کیوں کہ آخری اقساط میں دکھایا جائے گا کہ وہ اس قدر منفی کیوں رہیں؟

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …