google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 علی امین گنڈاپور کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

علی امین گنڈاپور کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں، سرکاری ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ۔

خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی، وزیر اعلیٰ کے پی پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد نے خود علی امین گنڈاپور کو حراست میں لیا ہے۔

علی امین گنڈا پور پر سرکاری وسائل کے غلط استعمال کرنے کے الزامات ہیں، ان کے خلاف ریاست پر حملہ آور ہونے پر قانونی کارروائی جاری ہے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے رابطہ نہیں ہو رہا ہے، رینجرز نے کے پی ہاؤس اسلام آباد کو سیل کر دیا ہے۔

علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین گنڈاپور نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز علی امین کی گرفتاری کے لیے کے پی ہاؤس گئی ہے، کے پی ہاؤس میں پکڑ دھکڑ جاری ہے، علی امین گنڈاپور سے رابطہ نہیں ہورہا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے پی کے ہاؤس اسلام آباد پہنچے تھے، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری کے پی ہاؤس روانہ ہوئی  جبکہ قیدی وین بھی خیبر پختون خوا ہاؤس بھجوا دی گئی تھی۔

اس سے قبل  اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کے کیس میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری  کیے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسین زیدی نے تھانہ بہارہ کہو میں درج مقدمے کی سماعت کی۔

دورانِ سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ متعدد مرتبہ عدالتی طلبی کے باوجود علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

دوسری جانب رات پتھر گڑھ کے مقام پر گزارنے کے بعد وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور کا قافلہ اسلام آباد میں داخل ہو گیا ہے۔

PTI کارکنوں کا پولیس پر پتھراؤ

ادھر چائنا چوک میں تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کر دیا جبکہ پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں پر شیلنگ کی۔

ڈی چوک پر موجود پولیس اور ایف سی چائنا چوک کی طرف مارچ کر گئے۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دے رکھی ہے، اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے گرد و نواح میں فوج کی تعیناتی کا عمل مکمل ہو گیا۔

کشیدہ صورتحال پر فوج کو کارروائی کا اختیار ہوگا: انتظامیہ

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے فوج کو دیے گئے اختیارات کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتِ حال کشیدہ ہونے پر فوج کو کارروائی کے اختیارات حاصل ہوں گے، مقامی کمانڈر وفاقی پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کرے گا۔

انتظامیہ نے کہا کہ شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی اور گرفتاری کے اختیارات دے دیے گئے، مظاہرین کے خلاف لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی بھی اجازت ہو گی، طاقت کا کم سے کم استعمال کیا جائے گا

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کی موجودگی یا خطرات کی اطلاع پر فوج کارروائی کرے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …