پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ اور پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ آخری دن لاہور سے فیصل آباد منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ون ڈے کپ کے لیے تمام کھلاڑیوں کی فیصل آباد میں موجودگی کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ اب 7 اور 9 ستمبر کو ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے چیمپئنز ون ڈے کپ کی ٹیموں کے مینٹورز کی جانب سے فیصل آباد میں فٹنس ٹیسٹ لینے کی تجویز سامنے آئی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مینٹورز کی تجویز مانتے ہوئے یہ فیصلہ لیا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق چیمپئنز ون ڈے کپ کے لیے کھلاڑیوں کو کل تک رپورٹ کرنا ہے۔
خیال رہے چیمپئنز ون ڈے کپ کے لیے پی سی بی کی طرف سے 5 مینٹورز کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان مینٹورز میں وقار یونس، ثقلین مشتاق، سرفراز احمد، مصباح الحق اور شعیب ملک شامل ہیں۔
اس سے قبل پی سی بی نے چیمپئنز ون ڈے کپ کے لیے میچ آفیشلز کا بھی اعلان کردیا۔ آئی سی سی کے سابق ایلیٹ پینلسٹ امپائر علیم ڈار اور آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل کے امپائر آصف یعقوب 12 ستمبر کو چیمپئنز ون ڈے کپ میں وولوز اور پینتھرز کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ کی امپائرنگ کریں گے۔