جیو انٹرٹنمنٹ کے مقبول ڈرامہ سیریل ’بیچاری قدسیہ‘ میں ’عنایہ‘ اور ’میرے ہم نشیں‘ میں ڈاکٹر آئمہ شہریار کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ مومل خالد عثمان نے اسلام کی خاطر انڈسٹری چھوڑ دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سابقہ اداکارہ نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی کرنے کا اعلان کیا اورتمام نئی پوسٹس میں حجاب بھی لیتی نظر آ رہی ہیں۔
اداکارہ کی ایک انسٹا پوسٹ جس میں انہیں حجاب لیے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، کے کمنٹس میں صارف نے سوال کیا کہ ’کیا دوبارہ ڈراموں میں آئیں گی یا نہیں؟‘۔
صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ وہ اب ڈراموں میں کام نہیں کریں گی۔
26 سالہ اداکارہ نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2008 میں جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’خودغرض‘ سے کیا تھا۔
یاد رہے کہ 2015 میں اداکارہ مومل خالد کار حادثے میں زخمی ہوگئی تھیں جبکہ ان کے منگیتر شاہ زیب انتقال کرگئے تھے۔
اداکارہ اپنے منگیتر کے ہمراہ سفر کررہی تھیں کہ ان کی گاڑی دوسری گاڑی سے جا ٹکرائی تھی حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ گاڑی چلانے والے ان کے منگیتر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔
سن 2017 میں مومل خالد اور عثمان پٹیل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور ان کے 2 بچے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔