پیر , جولائی 27 2026

ہمایوں سعید، واسع چودھری نے خوب محفل جمائی

معروف اداکار ہمایوں سعید اور کامیڈین و اداکار واسع چودھری نے مقبول تفریحی پروگرام “ہنسنا منع ہے” میں اپنی دلچسپ گفتگو، مزاحیہ جملوں اور ذاتی یادوں سے ناظرین کو خوب محظوظ کیا، جبکہ “لندن نہیں جاؤں گا” پر ہونے والی نوک جھونک شو کی خاص توجہ کا مرکز بنی۔

میزبان تابش ہاشمی نے دونوں فنکاروں کا پرتپاک استقبال کیا اور شو کا آغاز خوشگوار ماحول میں کیا۔ واسع چودھری نے اپنے فنی سفر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ تھیٹر میں ان کی پہلی پرفارمنس صرف 45 سیکنڈز پر مشتمل تھی، جس میں انہوں نے ایک باڈی گارڈ کا کردار ادا کیا تھا۔

شو کے دوران واسع چودھری کی فلم “لندن نہیں جاؤں گا” کے عنوان پر خوب مزاح کیا گیا۔ ہمایوں سعید اور واسع چودھری نے ہنستے ہوئے کہا کہ جو لوگ اکثر کہتے ہیں کہ “لندن نہیں جاؤں گا”، وہ بالآخر لندن پہنچ ہی جاتے ہیں۔ اس جملے پر حاضرین نے خوب قہقہے لگائے۔

ہمایوں سعید نے اپنے مقبول ڈرامے “میرے پاس تم ہو” کے اختتام پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کا اختتام جان بوجھ کر اس انداز میں رکھا گیا تھا تاکہ ناظرین کے درمیان بحث اور تجسس پیدا ہو۔

پروگرام میں موجود سامعین نے بھی دونوں مہمانوں سے مختلف سوالات کیے۔ ایک طالبہ کے سوال کے جواب میں ہمایوں سعید نے “میرے پاس تم ہو” کے اختتام کی منطق بیان کی، جبکہ ایک نوجوان کے سوال پر واسع چودھری نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت تک جوان رہیں گے جب تک ان کی فلم کے نئے حصے بنتے رہیں گے۔

تابش ہاشمی نے شو کے دوران مختلف تفریحی کھیل بھی کروائے، جن میں “نظر بند” گیم نے حاضرین کی خاص توجہ حاصل کی۔ اس کھیل میں آنکھوں پر پٹی باندھ کر مختلف اشیاء کو سونگھ کر پہچاننا تھا، جہاں واسع چودھری نے متعدد چیزیں درست شناخت کر کے حاضرین کو حیران کر دیا۔

پروگرام میں معروف ادیب اور مزاح نگار انور مقصود بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے ہمایوں سعید اور واسع چودھری کی دوستی پر دلچسپ تبصرے کیے اور مزاحیہ انداز میں مختلف فنکاروں کے متبادل پیشوں کا بھی ذکر کیا، جس پر حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔

شو کے اختتام پر تابش ہاشمی نے حاضرین کی جانب سے دیے گئے چند الفاظ پر فوری نظم تخلیق کرنے کا دلچسپ مرحلہ رکھا، جسے واسع چودھری نے اپنے منفرد انداز میں پیش کیا اور حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ پروگرام کی ہلکی پھلکی گفتگو، برجستہ جملوں اور مزاحیہ لمحات نے ناظرین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ہوج، ہوپ کی بیٹنگ: ویسٹ انڈیز پہلے روز 194 رنز

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے