اتوار , جولائی 5 2026

بابر اعظم دوبارہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے بابر اعظم کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے، جبکہ شان مسعود کی جگہ قیادت میں تبدیلی ٹیم کے بہتر نتائج کی امید پر کی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے آئندہ دوروں کے لیے بابر اعظم کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ شان مسعود کی جگہ قیادت میں یہ تبدیلی ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی کے تناظر میں کی گئی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد رضوان، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل فٹنس مسائل کے باعث اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے۔

قومی ٹیم اپنے دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف دو روزہ وارم اپ میچ سے کرے گی، جو 18 جولائی کو ٹراوبا میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 25 سے 29 جولائی تک ٹراوبا میں ہوگا، جس کے بعد قومی ٹیم انگلینڈ کا رخ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کپتانی میں تبدیلی کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا، “میں اور اسد شفیق گزشتہ 18 ماہ سے سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہیں، جبکہ مصباح الحق اور سرفراز احمد چھ ماہ قبل شامل ہوئے۔ ہر فارمیٹ کی اپنی ضروریات ہوتی ہیں اور کپتان کی بھی ایک اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔”

عاقب جاوید نے کہا کہ شان مسعود کی انفرادی کارکردگی اچھی رہی، لیکن ان کی قیادت میں ٹیم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکی، اس لیے تبدیلی ضروری سمجھی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ فاسٹ بولرز کی رفتار بھی سلیکشن کمیٹی کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں کامیابی کے لیے تسلسل انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا، “ہم بطور سلیکٹر یہ دیکھتے ہیں کہ کوئی کھلاڑی اور کپتان اپنی کارکردگی میں کتنا تسلسل برقرار رکھتا ہے، کیونکہ مستقل مزاجی ہی کامیابی کی بنیاد ہوتی ہے۔”

بابر اعظم کی دوبارہ بطور ٹیسٹ کپتان تقرری کو قومی ٹیم کے لیے ایک نئے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں پاکستان ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں میں بہتر نتائج کی امید لے کر میدان میں اترے گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

فرانس اور مراکش ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں

برازیل اور انگلینڈ آج ایکشن میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے