برازیل اور انگلینڈ آج ایکشن میں
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میں فرانس اور مراکش نے اپنے اپنے میچ جیت کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ آج برازیل اور انگلینڈ کی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے اہم مقابلوں میں میدان میں اتریں گی۔
راؤنڈ آف 16 کے ایک سخت مقابلے میں فرانس نے پیراگوئے کو 1-0 سے شکست دے کر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنا لی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم فرانس نے فیصلہ کن گول کے ذریعے کامیابی اپنے نام کر لی۔

ایک اور میچ میں مراکش نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینیڈا کو 3-0 سے یکطرفہ شکست دی اور کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ مراکش نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور کینیڈا کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔

دوسری جانب راؤنڈ آف 32 کے آخری مقابلوں میں کولمبیا نے گھانا کو 1-0 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، جبکہ ارجنٹائن نے اضافی وقت کے سنسنی خیز مقابلے میں کیپ وردے کو 3-2 سے ہرایا تھا۔
ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے سلسلے میں آج مزید دو اہم میچ کھیلے جائیں گے، جن میں برازیل کا مقابلہ ناروے سے ہوگا، جبکہ میکسیکو کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
ناک آؤٹ مرحلے میں ہر میچ فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے، جہاں شکست کھانے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی جبکہ فاتح ٹیم کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کرے گی۔
UrduLead UrduLead
