ہفتہ , جولائی 4 2026

غیر رجسٹرڈ اسکولوں و اکیڈمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں اور اکیڈمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے ایک ہی روز میں 744 تعلیمی اداروں کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں اور تین روز کے اندر رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کی جانب سے جاری کارروائی کے تحت غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے مالکان کو آخری مہلت دی گئی ہے کہ وہ تین دن کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کرائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر نجی اسکول اور اکیڈمی کے لیے رجسٹریشن لازمی ہے، جبکہ رجسٹریشن کے بغیر تعلیمی ادارہ چلانا قانوناً جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خلاف ورزی کی صورت میں تین لاکھ روپے سے 40 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

وزیر تعلیم کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی کے ریکارڈ میں اب بھی سیکڑوں نجی تعلیمی ادارے غیر رجسٹرڈ ہیں، جن کے خلاف مقررہ مدت گزرنے کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی۔

رانا سکندر نے یہ بھی اعلان کیا کہ اب تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی اسکول کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ وہ تمام تعلیمی اداروں کے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس کی جانچ یقینی بنائیں تاکہ طلبہ کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ہفتہ وار مہنگائی میں 0.98 فیصد کمی

پاکستان میں 2 جولائی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے