بدھ , جولائی 1 2026

جڑواں شہروں میں پری مون سون کا پہلا اسپیل

موسلادھار بارشوں اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل برسا، جس کے ساتھ آندھی، تیز ہوائیں اور گرج چمک بھی دیکھنے میں آئی۔

محکمہ موسمیات نے بعد ازاں الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آج رات اور 2 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہے، جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں مسلسل مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ 2 جولائی سے خلیج بنگال سے بھی مرطوب ہوائیں بالائی علاقوں تک پہنچنے کی توقع ہے، جس سے بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

الرٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں شدید بارش کے دوران اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور دیگر عارضی ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

بدھ اور جمعرات کے دوران کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم اور حبس زدہ رہا، تاہم کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، خضدار، ژوب، مری اور سیالکوٹ میں کہیں کہیں بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش کاکول میں 36 ملی میٹر، مالم جبہ میں 25 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 17 ملی میٹر، مظفرآباد ایئرپورٹ اور شہر میں 19 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ اور کوٹلی میں 12 ملی میٹر، خضدار میں 12 ملی میٹر، ژوب میں 8 ملی میٹر، جبکہ مری میں 3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، سیاحوں، مسافروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی و پہاڑی علاقوں میں ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

فرانس، میکسیکو اور ناروے پری کوارٹر فائنل میں

انگلینڈ آج ایکشن میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں فرانس، میکسیکو …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے