
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں جنگ بندی کے بعد معاشی استحکام اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آ رہی ہے اور توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ رجحان مزید برقرار رہے گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت آج پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی اور عوام کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے بوجھ میں کمی لانے اور عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے اپنے صوبوں میں عوامی فلاح و بہبود اور ریلیف کے اقدامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گی۔
وزیراعظم کے اعلان کے بعد عوام اور کاروباری حلقوں کی نظریں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن پر مرکوز ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں لاگت کم ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
UrduLead UrduLead