
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی جانب پیش رفت کے باعث عالمی توانائی منڈیوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے اور بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی شروع ہو گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں کمی اور عالمی منڈیوں میں استحکام پیدا ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے جو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے شفاف ہفتہ وار فارمولہ تیار کرے گی۔
انشاء ﷲ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیرخارجہ اور وزیرداخلہ کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں کیونکہ ایران اور امریکہ جنگ بندی معاہدے پر دستخط کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ بین الاقوامی تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں اور وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ اس کا فائدہ عوام کو فوری طور پر منتقل کیا جائے۔ ایک… pic.twitter.com/POJ9oc9U0D
— Ali Pervaiz Malik (@AliPervaiz450) June 18, 2026
وفاقی وزیر کے مطابق نئے فارمولے کے تحت عوام کو قیمتوں میں اضافے یا کمی کی وجوہات سے مکمل آگاہ رکھا جائے گا، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے عمل کو مزید شفاف اور قابلِ فہم بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس فارمولے کو تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں حالیہ کشیدگی کے باوجود حکومت نے مؤثر اقدامات کے ذریعے ملک میں تیل کی سپلائی چین کو بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے برقرار رکھا۔ انہوں نے اس سلسلے میں تعاون کرنے والے تمام اداروں، شراکت داروں اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں حکومت پاکستان توانائی سلامتی کی حکمت عملی کا ازسرِ نو جائزہ لے رہی ہے اور آنے والے مہینوں میں قومی مفادات کے تحفظ، توانائی کے محفوظ مستقبل اور سپلائی کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات متعارف کرائے جائیں گے۔
UrduLead UrduLead