
فیفا ورلڈ کپ فٹبال 2026 کا آغاز رنگا رنگ افتتاحی تقریب اور سنسنی خیز مقابلوں کے ساتھ ہوا، جہاں میزبان میکسیکو اور جنوبی کوریا نے اپنے اپنے میچ جیت کر ایونٹ میں کامیاب آغاز کیا۔
میکسیکو سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو نے جنوبی افریقہ کو 0-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے 23ویں ایڈیشن کا فاتحانہ آغاز کیا۔ میکسیکو کے جولین کوئنونز نے کھیل کے نویں منٹ میں گول کرکے نہ صرف اپنی ٹیم کو برتری دلائی بلکہ ٹورنامنٹ کا پہلا گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ میکسیکو کی جانب سے دوسرا گول 67ویں منٹ میں راول جیمنیز نے اسکور کیا۔

میچ کے دوران جنوبی افریقی کھلاڑیوں کی جانب سے سخت اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا جس کے باعث ریفری نے دو کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کر دیا۔ جنوبی افریقہ نے میچ کا بڑا حصہ صرف نو کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا، جبکہ اختتامی لمحات میں میکسیکو کے ایک کھلاڑی کو بھی ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔
افتتاحی تقریب میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا اور برنا بوائے نے فیفا ورلڈ کپ کا آفیشل ترانہ پیش کیا، جبکہ میکسیکن بینڈ مانا، وینزویلا کے ڈینی اوشین اور جے بالوین نے بھی شاندار پرفارمنس دے کر شائقین کو محظوظ کیا۔ تقریب کے دوران روایتی میکسیکن رقص اور ثقافتی رنگ بھی نمایاں رہے۔ اسٹیڈیم میں 24 ہزار سے زائد تماشائی موجود تھے جنہوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب ٹورنامنٹ کے ایک اور اہم میچ میں جنوبی کوریا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیک ریپبلک کو 1-2 سے شکست دے دی۔ سخت مقابلے کے بعد جنوبی کوریا کے وانگ ہی بیوم نے 67ویں منٹ میں پہلا گول اسکور کیا، جبکہ اوہیون گیو نے 80ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 تاریخ میں پہلی بار تین ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے، جبکہ پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔ کینیڈا اور امریکا میں بھی افتتاحی تقریبات اور میچوں کا آغاز بالترتیب جمعہ اور ہفتے کو ہوگا۔
شاندار مقابلوں، رنگا رنگ تقریبات اور بڑے اپ سیٹس کی توقعات کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ 2026 نے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے، اور آئندہ ہفتوں میں مزید دلچسپ مقابلوں کی امید کی جا رہی ہے۔
UrduLead UrduLead