جمعرات , جون 11 2026

فیفا ورلڈ کپ 2026: افتتاحی تقریبات کا آج سےآغاز

فیفا ورلڈ کپ فٹبال 2026 کی شاندار اور رنگا رنگ افتتاحی تقریبات کا آغاز آج 11 جون سے ہوگا، جہاں تاریخ میں پہلی بار تین میزبان ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو الگ الگ افتتاحی تقریبات کے ذریعے دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ کا استقبال کریں گے۔

23ویں فیفا ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ آج میکسیکو سٹی میں میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا، جس سے قبل پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ اس تقریب میں میکسیکو کی ثقافتی روایات، مقامی قبائلی فنون، لوک رقص اور مشہور “پاپیل پیکاڈو” آرٹ کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا، برنا بوائے اور دیگر بین الاقوامی و مقامی فنکار فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل گیت اور خصوصی موسیقی پرفارمنس پیش کریں گے۔ منتظمین کے مطابق تقریب کا مرکزی پیغام اتحاد، ثقافتی ہم آہنگی اور عالمی یکجہتی ہوگا۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پہلی بار 48 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، جس کے باعث ٹورنامنٹ کے میچوں کی تعداد بھی بڑھ کر 104 ہو گئی ہے۔ یہ ایونٹ 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے مختلف شہروں میں جاری رہے گا۔

دوسری افتتاحی تقریب 12 جون کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں میزبان کینیڈا اور بوسنیا و ہرزیگووینا کے درمیان میچ سے قبل منعقد ہوگی۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ تقریب رات 10 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگی۔ کینیڈا کی تقریب میں ملک کی ثقافتی اور نسلی تنوع کو موسیقی، رقص اور جدید بصری فنون کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا۔

کینیڈا کی تقریب میں ایلنِس موریسیٹ، الیسیا کارا، جیسی ریز، مائیکل ببلے، نورا فتحی، سنجوئے، ویجی ڈریم اور ولیم پرنس سمیت کئی معروف فنکاروں کی پرفارمنس متوقع ہے۔

تیسری اور آخری افتتاحی تقریب 13 جون کو امریکی شہر لاس اینجلس میں امریکا اور پیراگوئے کے درمیان میچ سے قبل منعقد کی جائے گی۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ تقریب صبح 4 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگی، جہاں جدید ٹیکنالوجی، موسیقی اور امریکی ثقافت کا منفرد امتزاج پیش کیا جائے گا۔

فیفا حکام کا کہنا ہے کہ تین مختلف ممالک میں منعقد ہونے والی یہ افتتاحی تقریبات ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک نئی روایت قائم کریں گی اور دنیا بھر کے شائقین کو کھیل کے ساتھ ساتھ میزبان ممالک کی ثقافت اور فنون سے بھی روشناس کرائیں گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار محکمہ موسمیات نے آئندہ تین …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے