کمپیوٹر سائنس اور ریاضی کے پرچوں کو دوبارہ نہیں لیا جائے گا

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے پاکستانی اسکولوں کو اے لیول اور اے ایس لیول کے حالیہ لیک اور ملتوی شدہ امتحانی پرچوں کے حوالے سے اہم معلومات جاری کر دی ہیں، جس کے بعد تعلیمی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اسکولوں کو ارسال کردہ ای میلز کے مطابق کیمبرج نے کمپیوٹر سائنس کے پرچے کے لیک ہونے کی بھی تصدیق کر دی ہے، جبکہ اس سے قبل صرف ریاضی کے دو پرچوں کے لیک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ تازہ معلومات میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ کمپیوٹر سائنس کا پرچہ بھی مقررہ وقت سے قبل غیر مجاز طور پر شیئر کیا گیا تھا۔
ای میلز کے مطابق 12 مئی کو ہونے والے کمپیوٹر سائنس اور ریاضی کے پرچوں کو دوبارہ نہیں لیا جائے گا، بلکہ ان کے لیے اسیسڈ مارکس (Assessed Grades) کا طریقہ اپنایا جائے گا۔ ان طلبہ کے نمبر ان کے دیگر مکمل شدہ پیپرز کی کارکردگی کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 15 مئی کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ملتوی کیا گیا ریاضی کا پرچہ اب 8 جون 2026 کو مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔ کیمبرج کے مطابق ریاضی پیپر 32 اور پیپر 52 کے حوالے سے بھی پہلے ہی احتیاطی اقدامات کیے گئے تھے۔
ای میل میں کہا گیا ہے کہ سینئر اسیسمنٹ ماہرین نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاضی پیپر 52 اور کمپیوٹر سائنس پیپر 12 کے متاثرہ امیدواروں کو اسیسڈ مارکس دیے جائیں گے، جو عموماً ان حالات میں استعمال کیے جاتے ہیں جب امتحان کا باقاعدہ انعقاد ممکن نہ رہے یا اس کی شفافیت متاثر ہو جائے۔
کیمبرج نے مزید واضح کیا ہے کہ امتحانی مواد کو قبل از وقت شیئر کرنے یا غیر قانونی طور پر استعمال کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی اور ممکنہ پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ امتحانی سیکیورٹی کے مسائل کسی ایک ملک یا مرکز تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر ایک سنجیدہ چیلنج بن چکے ہیں۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق اس صورتحال سے متاثرہ طلبہ کے لیے غیر یقینی کیفیت پیدا ہوئی ہے، تاہم اسیسڈ مارکس کے فیصلے کا مقصد ان کے تعلیمی نقصان کو کم سے کم کرنا ہے۔
UrduLead UrduLead