ہفتہ , مئی 2 2026

PSL11: حیدرآباد کنگزمین فائنل میں پہنچ گئی

حیدرآباد کنگزمین نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ایلیمینیٹر ٹو میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ حیدرآباد کنگزمین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا۔

کنگزمین کی جانب سے عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز اسکور کیے، جس میں 10 چوکے شامل تھے۔ کپتان مارنوس لیبوشین نے 39، صائم ایوب نے 38 اور کوشال پریرا نے 37 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 184 رنز تک محدود رہی اور صرف 2 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مارک چیپمین نے 43، ڈیون کونوے نے 30، شاداب خان نے 22 اور کرس گرین نے 21 رنز بنائے، تاہم ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔

حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے حنین شاہ اور محمد علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسان خان، صائم ایوب اور عاکف جاوید نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کے ہیرو حنین شاہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جنہوں نے 4 اوورز میں 37 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ آخری اوور میں جب اسلام آباد کو جیت کے لیے 6 رنز درکار تھے، حنین شاہ نے اعصاب شکن بولنگ کرتے ہوئے صرف 4 رنز دیے اور ٹیم کو یادگار فتح دلوائی۔

میچ کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ٹیم نے بھرپور کوشش کی لیکن دباؤ کے لمحات میں کارکردگی بہتر نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ کوالیفائر میں شکست کے باوجود ٹیم مایوس نہیں تھی اور آج کے میچ میں بھی بھرپور مقابلہ کیا گیا۔

دوسری جانب حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنوس لیبوشین نے فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے ہر شعبے میں اچھی کارکردگی دکھائی اور دباؤ میں بہتر کھیل پیش کیا۔

فائنل میں اب حیدرآباد کنگزمین کا مقابلہ پشاور زلمی سے اتوار کو ہوگا، جہاں دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

گرمیوں میں فالسے کی طلب میں اضافہ

شدید گرمی کے موسم میں فالسہ ایک بار پھر شہریوں کی توجہ کا مرکز بن …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے