
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے 27ویں میچ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ جاری ہے۔
آر پریما داسا اسٹیڈیم، کولمبو میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بھارتی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا جب اوپنر ابھیشیک شرما پہلے ہی اوور میں صفر پر سلمان علی آغا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ تاہم ایشین کشن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 77 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ وہ 15ویں اوور میں صائم ایوب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
صائم ایوب نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 15ویں اوور کی دوسری گیند پر تلک ورما کو 25 رنز پر آؤٹ کیا اور اگلی ہی گیند پر ہاردک پانڈیا کو بابر اعظم کے کیچ کی مدد سے پویلین بھیج دیا، جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
بھارتی کپتان سوریا کمار یادو 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شیوم دوبے نے 17 گیندوں پر 27 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔ رنکو سنگھ نے آخری اوور میں چوکا اور چھکا لگا کر اسکور کو بڑھایا۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے، جس کے نتیجے میں پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف ملا۔پاکستان کی بولنگ لائن نے بھارتی بلے بازوں کو زیادہ دور تک نہیں جانے دیا، خاص طور پر صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے اہم وکٹیں حاصل کیں۔
اب پاکستان کو یہ ہدف حاصل کرنے کے لیے عمدہ بیٹنگ کی ضرورت ہوگی۔ میچ کا نتیجہ ابھی تک غیر یقینی ہے اور دونوں ٹیمیں زبردست مقابلہ پیش کر رہی ہیں۔
UrduLead UrduLead