منگل , فروری 10 2026

’آگ لگے بستی میں‘ کا دھماکے دار ٹریلر جاری

فلم کاسٹ میں ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے علاوہ معروف کامیڈین تابش ہاشمی، سینئر اداکار جاوید شیخ، صلاح الدین تنیو، عدی عدیل امجد اور سمرہ شہزادی

پاکستانی فلم انڈسٹری کے دو بڑے سپر اسٹارز ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ ایک بار پھر شائقین کو محظوظ کرنے کے لیے بڑے پردے پر جلوہ گر ہونے کو تیار ہیں۔

فلم ’قائدِ اعظم زندہ باد‘ کی کامیابی کے بعد یہ مقبول جوڑی اب نئی رومانوی کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور فلم ’آگ لگے بستی میں‘ میں ایک ساتھ نظر آئے گی، جس کا ٹریلر گزشتہ روز کراچی میں ایک پروقار تقریب کے دوران ریلیز کیا گیا۔

ٹریلر منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر چھا گیا اور فلم بینوں کی جانب سے بھرپور ردِعمل سامنے آیا۔ تیز رفتار مناظر، ایکشن، کامیڈی اور ماہرہ و فہد کی اسکرین کیمسٹری کو شائقین کی بڑی تعداد نے خوب سراہا ہے۔

فلم کی کاسٹ بھی اس کی ایک بڑی خاص بات ہے۔ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے علاوہ معروف کامیڈین تابش ہاشمی، سینئر اداکار جاوید شیخ، صلاح الدین تنیو، عدی عدیل امجد اور سمرہ شہزادی سمیت کئی معروف ڈیجیٹل تخلیق کار فلم کا حصہ ہیں، جو کہانی میں مزاح اور تنوع کا رنگ بھرتے نظر آئیں گے۔

’آگ لگے بستی میں‘ کی ہدایت کاری بلال عاطف خان نے کی ہے، جبکہ فلم کو بگ بینگ انٹرٹینمنٹ اور سلمان اقبال فلمز نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ فلم 9 فروری 2026 کو ملک بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ٹریلر پر مداحوں کا ردِعمل ملا جلا رہا ہے۔ جہاں ایک بڑی تعداد نے فلم کی انرجی، رفتار اور تابش ہاشمی کی موجودگی کو بلاک بسٹر قرار دیا ہے، وہیں کچھ صارفین نے رائے دی ہے کہ فلموں میں نئے چہروں کو بھی زیادہ مواقع ملنے چاہئیں۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے یہ تنقید بھی کی کہ ٹریلر میں فلم کی کہانی کافی حد تک واضح کر دی گئی ہے۔

فلم کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور اب شائقین کو فروری 2026 کا بے صبری سے انتظار ہے، جب وہ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو ایک بار پھر ایکشن اور کامیڈی کے دلچسپ امتزاج میں بڑے پردے پر دیکھ سکیں گے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

بلوچستان میں میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کا آغاز

نقل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے