
پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 90 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی ہے۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں 2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے اور سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز میں 7 سال بعد فتح ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔
کپتان سلمان علی آغا نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 76 رنز بنائے، جبکہ عثمان خان نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ صائم ایوب نے 23 رنز کا حصہ ڈالا اور شاداب خان 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ریویئر بارٹلیٹ، میتھیو کنہیمین، شین ایبٹ، ایڈم زیمپا اور کوپر کونولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم مکمل طور پر ناکام رہی اور 16ویں اوور میں صرف 108 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
کیمرون گرین نے 35 اور میتھیو شارٹ نے 27 رنز بنائے، لیکن باقی بیٹرز دہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔پاکستان کے اسپنرز نے شاندار بولنگ کی اور آسٹریلیا کی تمام 10 وکٹیں حاصل کیں۔
شاداب خان اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں لیں، عثمان طارق نے 2 جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔میچ سے قبل کپتان سلمان علی آغا نے بتایا تھا کہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان کو آرام دیا گیا۔
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔ سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان کلین سویپ کی طرف نظر رکھے گی۔
UrduLead UrduLead