
پاکستان کے ابھرتے ہوئے باصلاحیت اوپنر سمیر منہاس نے آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کو جیتنا اپنا ذاتی مشَن قرار دے دیا ہے۔ 15 جنوری سے زمبابوے اور نمیبیا میں شروع ہونے والے اس میگا ایونٹ میں پاکستان کو چیمپئن بنانے کے لیے نوجوان بلے باز مکمل طور پر پرعزم ہیں۔
سمیر منہاس نے حال ہی میں انڈر 19 ایشیا کپ اور زمبابوے میں ٹرائی نیشن سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں انہوں نے ریکارڈز کی دھجیاں اڑا دیں۔
انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف 113 گیندوں پر 172 رنز کی تاریخی اننگز کھیل کر پاکستان کو 191 رنز سے فتح دلائی، جو ٹورنامنٹ کے فائنل میں کسی بھی بیٹر کا سب سے بڑا اسکور تھا۔
اس کے علاوہ ٹورنامنٹ میں 471 رنز بنا کر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی بنے۔زمبابوے میں ٹرائی سیریز کے فائنل میں بھی سمیر نے 42 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جو یوتھ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری ہے۔
اس سے قبل بھارتی کھلاڑی ویبھو سوریاونشی کا 52 گیندوں کا ریکارڈ تھا، جسے سمیر نے 10 گیندیں کم کرکے توڑ دیا۔
اپنے کرکٹ سفر پر بات کرتے ہوئے سمیر منہاس نے بتایا کہ ان کی بنیاد اسٹریٹ کرکٹ سے پڑی، جہاں گھر کے ٹائلڈ فلور پر ٹیپ بال سے کھیلتے ہوئے بنیادی مہارتیں سیکھیں۔
ان کے والد کاشف منہاس (جو خود سابق انڈر 19 کھلاڑی ہیں) اور بڑے بھائی عرفات منہاس (جو پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں) نے بھرپور سپورٹ کی، جس کی بدولت وہ آج اس مقام پر پہنچے۔
سمیر کا کہنا ہے کہ کسی بھی بڑی کامیابی کے پیچھے ٹیم کا اتحاد سب سے اہم ہوتا ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم مکمل طور پر متحد ہے اور ورلڈ کپ کے لیے انتہائی پرجوش نظر آ رہی ہے۔ ان کا ذاتی ہدف نہ صرف پاکستان کو ٹرافی جتوانا ہے بلکہ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی بننا ہے۔
واضح رہے کہ سمیر منہاس نے انڈر 13 سطح سے کیریئر کا آغاز کیا۔ نیشنل انڈر 19 کپ میں 400 سے زائد رنز اسکور کرکے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی اور پھر انڈر 19 ایشیا کپ میں شمولیت ملی، جہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کر رہے ہیں اور ٹورنامنٹ کا آغاز 16 جنوری کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے ہوگا۔ سمیر منہاس جیسے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کی موجودگی میں گرین شرٹس ورلڈ کپ میں مضبوط دعویدار نظر آ رہے ہیں۔ شائقین کرکٹ اب ان کی کارکردگی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
UrduLead UrduLead